سوال
جب یسوع جوان ہو ا اُس وقت یوسف کہاں پر تھا ؟
جواب
بائبل میں یوسف کا آخری دفعہ ذکر اُس وقت ملتا ہے جب خُداوند یسوع بارہ سال کا تھا۔ یروشلیم سے واپسی کے وقت خُداوند یسوع اپنے زمینی والدین سے جُدا ہو گیا، جنہوں نے اُسے ڈھونڈتے ڈھونڈتے بالآخر ہیکل میں اُستادوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے پایا۔ حیرت انگیز طور پر یہ وہ وقت تھا جب یسوع نے کہا کہ" تم مجھے کیوں ڈُھونڈتے تھے؟ کیا تم کو معلُوم نہ تھا کہ مجھے اپنے باپ کے ہاں ہونا ضرور ہے؟" اور اِس کے ساتھ ہی اُس کے زمینی باپ کا ذکر بائبل کے اندر ختم ہو جاتا ہے۔ (لوقا 2باب41-50آیات)۔
کیونکہ اِس کے بعد یوسف کا ہمیں ذکر نہیں ملتا، اِس لیے زیادہ تر علماء یہ رائے پیش کرتے ہیں کہ وہ خُداوند یسوع کی زمینی خدمت کے آغاز سے پہلے ہی وفات پا گیا تھا۔ جس وقت ہم قانایِ گلیل کی شادی (یوحنا 2 باب ) کے واقعے تک پہنچتے ہیں ، یوسف وہاں پر نمایاں طور پر غیر حاضر نظر آتا ہے۔ ہم مریم کو وہاں پر دیکھتے ہیں لیکن وہاں پر ہمیں یوسف کا بالکل بھی ذکر نہیں ملتا۔ مزید برآں یسوع کے 30 سال کی عمر تک اپنے گھر ہی رہنے کی ایک وجہ یہ بھی ہو سکتی ہے کہ اُس پر خاندان کی کفالت کی ذمہ داریاں تھیں۔
یسوع کے جوان ہونے اور زمینی خدمت شروع کرنے سے پہلے یوسف کی وفات کا جو نظریہ ہے اُسے اِس حقیقت سے بھی تقویت ملتی ہے کہ جس وقت یسوع صلیب پر لٹکا ہوا تھا اُس نے اپنے شاگرد یوحنا کی یہ ذمہ داری لگائی کہ وہ اُس کی ماں کی دیکھ بھال کرے (یوحنا 19باب 26-27آیات)۔ یوسف یقینی طور پرخُداوند یسوع کی مصلوبیت کے وقت تک وفات پا چکا ہوگا ورنہ خُداوند یسوع کبھی بھی اپنی ماں کی دیکھ بھال کی ذمہ داری یوحنا کے سپرد نہ کرتا۔ اگر یوسف اُس وقت تک زندہ ہوتا تو خُداوند یسوع قطعی طور پر یہ نہ کہتا کہ "ماں ابھی مَیں تیری دیکھ بھال کی ذمہ داری یوحنا کے سپرد کر رہا ہوں۔" اگر یوسف اُس وقت موجود ہوتا تو وہ یقینی طور پر یہ کہتا کہ "ٹھہرو! اِس کی دیکھ بھال کرنا میری ذمہ داری ہے۔"صرف ایک بیوہ کی دیکھ بھال کے لیے ہی خاندان سے باہر کے کسی شخص کی ذمہ داری لگائی جا سکتی ہے۔
کچھ دیگر لوگوں کا خیال ہے کہ یوسف نے خُداوند یسوع کی زمینی خدمت کے آغاز سے تھوڑی دیر بعد وفات پائی تھی۔لیکن ایسا ممکن نہیں ہے، کیونکہ اگر خُداوند یسوع کی تین سالہ خدمت کے دوران ہی یوسف کی وفات ہوتی تو وہ ایک اہم واقعہ ہوتا اور خُداوند یسوع لازمی طور پر اپنے شاگردوں کے ساتھ اُس جنازے پر جاتا اور کوئی نہ کوئی انجیل نویس لازمی طور پر اُس بات کا ذکر کرتا۔ اگرچہ ہم حتمی طور پر نہیں جانتے، لیکن سب سے زیادہ امکان یہی ہے کہ یوسف خُداوند یسوع کی زمین خدمت کے آغاز سے پہلے ہی وفات پا چکا تھا۔
English
جب یسوع جوان ہو ا اُس وقت یوسف کہاں پر تھا ؟