سوال
بائبل میں مذکور یوحنا مرقس کون ہے؟
جواب
یوحنا مرقس جسے اکثر صرف مرقس کے نام سے جانا جاتا ہے مرقس کی انجیل کا مصنف ہے۔ وہ ابتدائی کلیسیا کے اندر ایک ایماندار شخص تھا جس کا زیادہ تر ذکر اعمال کی کتاب کے اندر کیا گیا ہے۔ یوحنا مرقس کو مریم نامی ایک عورت کا بیٹا بیان کیا گیا ہے (اعمال 12باب12 آیت)، جس کے گھر کو ایمانداروں کے اکٹھے ہو کر عبادت کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔ بعد میں مرقس کو برنباس اور پولس کے سفروں میں اُن کے ساتھی کے طور پر بیان کیا گیا ہے (اعمال 12باب25 باب)۔ یوحنا مرقس برنباس کا رشتے دار بھی تھا (کلسیوں 4باب10 آیت)۔
یوحنا مرقس برنباس اور پولس کے پہلے مشنری سفر کے دوران اُن کا معاون تھا (اعمال 13باب5 آیت)۔ تاہم وہ اُس سارے سفر کے دوران اُن کے ساتھ نہیں رہا تھا۔ اُس نے پمفیلیہ میں اُنہیں چھوڑ دیا اور پورے مشنری سفر میں اُن کے ساتھ نہ رہا (اعمال 15باب38 آیت)۔ بائبل اِس بارے میں کچھ بھی بیان نہیں کرتی کہ یوحنا مرقس نے پولس اور برنباس کو بیچ سفر میں کیوں چھوڑ دیا تھا، لیکن اُس کی رخصتی کپرس کے اندر زیادہ تر بے پھل خدمت کے بعد واقع ہوئی (اعمال 13باب4-12 آیات)۔ کپرس کے اندر صرف ایک بات چیت کا بیان ملتا ہے، لیکن اُنہیں شدید قسم کی شیطانی مخالفت کا سامنا تھا۔ یہ ممکن ہے کہ راستے کی سختی کی وجہ سے یوحنا مرقس کی حوصلہ شکنی ہو گئی تھی اور گھر کی آسائشوں کی وجہ سے اُس نے گھر واپس آنے کا فیصلہ کر لیا۔
کچھ عرصے کے بعد پولس اور برنباس کے پہلے مشنری سفر کے بعد پولس نے اُنہی شہروں کے بھائیوں کے پاس واپس جانے کی خواہش کا اظہار کیا جن کے پاس وہ پہلے سفر کےدوران گئے تھے تاکہ دیکھا جا سکے کہ وہاں پر ہر کوئی کیسا کام کر رہا تھا (اعمال 15باب36 آیت)۔ برنباس اِس سفر کے لیے راضی ہو گیا، لیکن بظاہر اُس کی خواہش تھی کہ اُس سفر میں یوحنا مرقس کو بھی ساتھ لے کر جایا جائے۔ تاہم پولس نے مرقس کو اپنے ساتھ سفر پر لے جانے سے انکار کر دیا اور اِس کی وجہ کے طور پر اُس نے مرقس کی طرف سے پچھلی دفعہ بیچ سفر میں چھوڑ کر چلے آنے کا حوالہ دیا۔ پولس نے یہ بہتر سمجھا کہ اُن کے ساتھ کوئی ایسا شخص نہ ہو جو بیچ سفر میں چھوڑ کر بھاگ جائے، اُنہیں کسی اور زیادہ قابلِ بھروسہ شخص کی ضرورت تھی۔ پولس اور برنباس کے درمیان یوحنا مرقس کی وجہ سے شدید قسم کی تکرار ہو گئی (39 آیت)، اور وہ ایک دوسرے سے جُدا ہو کر الگ الگ مشنری سفروں پر چلے گئے۔ برنباس یوحنا مرقس کو اپنے ساتھ لیکر کپرس چلا گیا جبکہ پولس سیلاس کو اپنے ساتھ لیکر سوریہ اور کلکیہ کی طرف چلا گیا(اعمال 15باب39-41 آیات)۔
برنباس یعنی"نصیحت کا بیٹا " (اعمال 4باب36 آیت) یوحنا مرقس کی ناکامی کو معاف کرنے اور اُس ایک اور موقع دینے کی خواہش رکھتا تھا۔ پولس رسول نے اِس حوالے سے زیادہ عقلی و منطقی نقطہ نظر اختیار کیا کہ :انجیل کی منادی کے کام میں لگن، عزم اور برداشت کی ضرورت ہوتی ہے۔ پولس نے یوحنا مرقس کو اپنے مشن کے لیے ایک خطرے کے طور پر دیکھا۔ لوقا جو کہ اعمال کی کتاب کا مصنف ہے کسی کی طرفداری نہیں کرتا اور ِس بارے میں کوئی رائے پیش نہیں کرتا کہ آیا برنباس درست تھا یا پھر پولس۔ وہ صرف حقائق کو بیان کرتا ہے۔ یہ بات قابلِ غور ہے کہ بعد میں مشنریوں کے دو گروہ بیرونی دُنیا میں بھیجے گئے یعنی دُگنے مشنری خوشخبری پھیلا رہے تھے۔
یوحنا مرقس اپنے رشتہ دار برنباس کے ساتھ کپُر س روانہ ہوا، لیکن یہ اُس کی کہانی کا اختتام نہیں تھا۔ برسوں بعد وہ پولس کے ساتھ تھا، جو اُسے "ہم خدمت" (فلیمون 1باب24 آیت) کہتا ہے۔ اور اپنی زندگی کے اختتام کے قریب پولس تیمتھیس کو قید خانے سے درخواستت کے طور پر لکھتا ہے کہ "صرف لُوقا میرے پاس ہے ۔ مرقس کو ساتھ لے کر آ جا کیونکہ خِدمت کے لئے وہ میرے کام کا ہے "(2 تیمتھیس 4باب11 آیت)۔ ظاہر ہے کہ اتنے سارے برسوں کے دوران یوحنا مرقس رُوحانی طو پر بھی پختہ ہو گیا تھا اور خُدا کا وفادار خادم بن چکا تھا۔ پولس نے اُس کی ساری ترقی کو دیکھا اور پرکھا اور اُسے اپنا ایک قیمتی ساتھی کے طور پر جانتا تھا۔
یوحنا مرقس نے اُس خوشخبری کو قلمبند کیا جس پر 55 تا 59 کے درمیان میں اُس کا نام لکھا گیا۔ مرقس 14باب51-52 آیات مرقس کی انجیل کے اندر مرقس کے بارے میں ایک مخفی بیان ہو سکتا ہے۔ اِس حوالے میں ایک نوجوان کے بارے میں بات کی گئی ہے جو خُداوند یسوع کی گرفتاری کے وقت اُس کے پیچھے جانے کی کوشش کرتا رہا، جسے ہجوم نے پکڑنے کی کوشش کی جبکہ وہ اُن سے خود کو چھڑا کر رات کے اندھیرے میں غائب ہو گیا۔ حقیقت یہ ہے کہ یہ واقعہ صرف مرقس کی انجیل کے اندر درج ہے- اور اِس کے ساتھ یہ حقیقت کہ وہ نوجوان گمنام ہے – کچھ علماء کو یہ اندازہ لگانے پر مجبور کرتی ہے کہ فرار ہونے والا نوجوان دراصل یوحنا مرقس ہی تھا۔
English
بائبل میں مذکور یوحنا مرقس کون ہے؟