سوال
یسوع کیسا دکھائی دیتا تھا؟
جواب
بائبل یسوع کی جسمانی وضع قطع کے بارے میں کہیں پر کچھ بیان نہیں کرتی کہ وہ اپنی مجسم حالت میں زمینی زندگی کےدوران کیسا دکھائی دیتا تھا ۔ اس حوالے سے قریب ترین بیان ہم یسعیاہ 53باب 2آیت میں دیکھ سکتے ہیں "نہ اُس کی کوئی شکل و صورت ہے نہ خوب صورتی اور جب ہم اُس پر نگاہ کریں تو کچھ حسن و جمال نہیں کہ ہم اُس کے مشتاق ہوں"۔ یہ سب باتیں ہمیں بتاتی ہیں کہ یسوع کی ظاہری شکل و صورت بالکل عام آدمی کی سی تھی – وہ معمولی شکل و صورت کا حامل تھا ۔ یسعیاہ نبی یہاں نبوت کر رہا ہے کہ آنے والا اور دُکھ اُٹھانے والا خادم بہت معمولی حالات میں ظاہر ہو گا اور کسی طرح کا شاہی اثر ورسوخ نہیں رکھے گا اور اپنی حقیقی شناخت صرف اُن پر ظاہر کرے گا جو رُوحانی پرکھ کی خوبی کے حامل ہوں گے ۔
یسعیاہ مسیح کو اِس طور سے پیش کرتا ہے جیسا وہ اپنی مصلوبیت سے پہلے دُکھ اُٹھانے اور کوڑے کھانے کے بعد نظر آتا تھا۔ "جس طرح بہتیرے تجھ کو دیکھ کر دنگ ہو گئے (اُس کا چہرہ ہر ایک بشر سے زائد اور اُس کا جسم بنی آدم سے زِیادہ بگڑ گیا تھا) " ( یسعیاہ 52باب 14آیت)۔ یہ الفاظ اُس شدید ظلم و ستم کو بیان کرتے ہیں جسے اُس نے اِس حد تک برداشت کیا تھا کہ وہ مزیدایک عام انسان کی طرح نظر نہیں آتا تھا ( متی 26باب 67آیت؛ 27باب 30آیت؛ یوحنا 19باب 3آیت)۔ اُس کی شکل ایسی بگڑ گئی تھی کہ لوگ حیرت سے اُس کی طرف دیکھتے تھے ۔
یسوع کی وہ زیادہ تر تصاویر جو آج ہمارے پاس موجود ہیں غالباً درست نہیں ہیں ۔ یسوع ایک یہودی تھا لہذ ا ممکنہ طور اُس کی رنگت قدرے گندمی ، سیاہ آنکھیں اور سیاہ بال تھے ۔ وہ لازمی طور پر جدید دور کی تصویروں میں موجود سنہرے بالوں ، نیلی آنکھوں اورسفید رنگت والے یسوع سے بالکل مختلف تھا ۔ ایک بات واضح ہے : اگر ہمارے لیے یہ جاننا ضروری ہوتا کہ یسوع واقعی کیسا دکھائی دیتا تھا تو متی ، پطرس اور یوحنا جنہوں نے اُس کے ساتھ تین سال گزارے تھے یقیناً ہمیں اُس کی شخصیت اور جسمانی وضع قطع کی درست تفصیل دے سکتے تھے اور اسی طرح اُس کے بھائی یعقوب اور یہوداہ بھی کر سکتے تھے ۔ تاہم نئے عہد نامے کے مصنفین اُس کی جسمانی وضع قطع اور خدوخال کے بارے میں کوئی تفصیل پیش نہیں کرتے ۔
English
یسوع کیسا دکھائی دیتا تھا؟