سوال
یسوع کو کب معلوم ہوا کہ وہ خُدا ہے ؟
جواب
یسوع ہمیشہ سے خدا تھا۔ وہ ازل سے تثلیث کے دوسرے اقنوم کے طور پر موجود تھا اور ہمیشہ موجود رہے گا۔ تجسم کے بعد یسوع نے انسانی حالت میں کب جانا تھا کہ وہ خدا ہے؟ یہ ایک دلچسپ سوال ہے ، لیکن کلام پاک میں اِس بارے میں کوئی بات نہیں کی گئی ۔ ہم جانتے ہیں کہ اپنی جوانی میں یسوع کو پوری طرح معلوم تھا کہ وہ کون تھا۔ اِس کا اندازہ ہمیں اُس وقت ہوتا ہے جب یسوع نے اس بات کا اظہار کیا تھا کہ "مَیں تُم سے سچ کہتا ہُوں کہ پیشتر اُس سے کہ ابرہامؔ پیدا ہُوا مَیں ہُوں"(یوحنا 8باب 58آیت) ۔ اور جب اُس نے یہ دُعا کی کہ "اب اَے باپ! تُو اُس جلال سے جو مَیں دُنیا کی پیدایش سے پیشتر تیرے ساتھ رکھتا تھا مجھے اپنے ساتھ جلالی بنا دے"(یوحنا 17باب 5آیت) ۔
ایسا لگتا ہے کہ بچپن میں یسوع اپنی فطرت اور کام کے بارے میں پہلے سے ہی آگاہ تھا۔ جب یسوع بارہ سال کا تھا تو یوسف اور مریم اپنے خاندان کو لے کر یروشلیم گئے۔ گھر واپس جاتے ہوئے وہ یسوع کو قافلے میں نہ پا کر فکر مند ہو گئے ۔ وہ یروشلیم واپس گئے اور یسوع کو" ہیکل میں اُستادوں کے بیچ میں بیٹھے اُن کی سُنتے اور اُن سے سوال کرتے ہُوئے پایا"(لوقا 2باب 46آیت) ۔ اُس کی ماں نے یسوع سے پوچھا کہ وہ قافلے کے ساتھ کیوں نہ گیا تھا اور اُس نے اُنہیں کیوں اتنا پریشان کیا تھا؟ یسوع نے جواب میں کہا کہ "تم کو معلُوم نہ تھا کہ مجھے اپنے باپ کے ہاں ہونا ضرور ہے؟" ۔ یوسف اور مریم یسوع کے الفاظ کو سمجھ نہ پائے(50آیت)۔ اور جو لوگ اُس کے آس پاس تھے وہ بھی سمجھ نہ پائے ، ایسا لگتا ہے کہ یسوع بہت چھوٹی عمر میں ہی جانتا تھا کہ وہ خُدا کا بیٹا ہے اور یہ بھی کہ باپ نے اُس کام کو پہلے ہی سے مقرر کر دیا ہے جو اُسے سر انجام دینا تھا ۔
ہیکل میں ہونے والے واقعے کے بعد لوقا بیان کرتا ہےکہ "یِسُوع حِکمت اور قد و قامت میں اور خُدا کی اور اِنسان کی مقبولیّت میں ترقّی کرتا گیا" (لوقا 2باب 52آیت)۔ اگر یسوع کے انسانی تجربے میں وہ اس وقت سب کچھ جانتا تھا تو اُسےحکمت میں "ترقی " کرنے کی ضرورت نہیں تھی۔ ہم اس بات پر زور دیتے ہیں کہ یہ یسوع کا انسانی تجربہ تھا۔ یسوع کبھی بھی اپنی الٰہی حیثیت سے جُدا نہیں ہوا تھامگر کچھ معاملات میں اُس نے باپ کی مرضی کے مطابق اپنی الوہیت کو چھپائے رکھا تھا ۔ اس طرح بیٹے نے خود کو جسمانی، فکری، سماجی، اور رُوحانی ترقی کے لیے باپ کے تابع کیا تھا۔ ایک انسان کے طور پر خدا کے بیٹے نے اپنی مرضی سے خود کو اس حالت میں ڈھالا تھا جس میں انسان ہوتے ہوئے علم حاصل کرنا درکار ہوتا ہے ۔
یسوع کو کب معلوم ہوا کہ وہ خدا ہے؟ آسمانی نقطہ نظر سے بیٹا ماضی میں ازل سے جانتا تھا کہ وہ کون تھا اورزمین پر اُس نے کون سا کام سر انجام دینا ہے۔ زمینی نقطہ نظر سے مجسم یسوع زندگی کے اوائل میں کسی مخصوص وقت پر اِس احساس کو پہنچا تھا۔ بس یہ خاص وقت کب آیا تھاہم یقین سے نہیں جان سکتے۔
English
یسوع کو کب معلوم ہوا کہ وہ خُدا ہے ؟