settings icon
share icon
سوال

یسوع نے بپتسمہ کیوں لیاتھا؟ یسوع کا بپتسمہ کیوں ضروری تھا ؟

جواب


پہلی نظر میں ایسا لگتا ہے کہ یسوع کے بپتسمہ کا کوئی مقصد نہیں ہے۔ یوحنا کا بپتسمہ توبہ کے لیے تھا (متی 3باب 11آیت) لیکن یسوع گناہ سے مبّرہ تھا اور اُسے توبہ کی کوئی ضرورت نہیں تھی۔ حتی ٰ کہ یوحنا بھی یسوع کو اپنے پاس آتے ہوئے دیکھ کر حیران تھا۔ یوحنا نے اپنے گناہ کو پہچان لیا اور وہ جانتا تھا کہ وہ موروثی اور دیگر انسانی گناہ سے پاک نہیں۔ اُسے معلوم تھا کہ اُسے خود توبہ کی ضرورت ہے اور وہ خُدا کے بے عیب برّے کو بپتسمہ دینے کے قابل نہیں:"مَیں آپ تجھ سے بپتسمہ لینے کا محتاج ہُوں اور تُو میرے پاس آیا ہے؟"یسوع نے جواب دیا کہ ایسا کرنا ضروری ہے کیونکہ" ہمیں اِسی طرح ساری راست بازی پُوری کرنا مناسب ہے"(متی 3باب 15آیت)۔


یسوع کی عام لوگوں کے درمیان خدمت کے آغاز میں یوحنا کے لیے یسوع کو بپتسمہ دینا کیوں مناسب تھااس کے پیچھے کئی ایک وجودہات ہیں۔ یسوع اپنے عظیم کام کی ابتداکرنے والا تھا اور یہ مناسب تھا کہ وہ اپنے پیشرو کے وسیلہ سے عام لوگوں میں متعارف کر ایا جائے۔ یوحنا " بیابان میں پُکارنے والے کی ( وہ)آواز "تھا جس کی یسعیاہ نے پیشین گوئی کی تھی جو لوگوں کو اُن کے مسیحا کی آمد کی تیار ی میں توبہ کرنے کی دعوت دے رہا تھا(یسعیاہ 40باب 3آیت)۔ یسوع کو بپتسمہ دینے کے وسیلہ سے یوحنا وہاں موجود سب لوگوں کے سامنے یہ اعلان کر رہا تھا کہ یہی وہ شخص : خدا کا بیٹا ہے جس کا وہ انتظار کر رہے تھے اور جس کی بابت اُسکی طرف سے پیشین گوئی کی گئی تھی کہ وہ " تُم کو رُوح القدس اور آگ سے بپتسمہ دے گا"(متی 3باب 11آیت)۔

جب ہم غور کرتے ہیں کہ یوحنا لاوی کے قبیلے سے اور براہ ِراست ہارون کی نسل سے تھا تو یوحنا کےوسیلہ سے یسوع کا بپتسمہ ایک خاص سمت اختیار کرجاتا ہے ۔ لوقا واضح کرتا ہے کہ یوحنا کے والدین ہارون کی نسل سے کہانتی خدمت میں تھے (لوقا 1باب 5آیت)۔ پرانے عہد نامے میں کاہنوں کی خدمات میں سے ایک خدمت خداوند کے حضور قربانیاں پیش کرنا تھا۔ یوحنا کے ہاتھوں یسوع کے بپتسمہ کو کسی کاہن کی طرف سے پیش کی جانے والی حتمی قربانی کے طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ ۔ بپتسمہ کے اگلے دن یوحنا کے الفاظ میں بلاشبہ ایک کہانتی تاثر نظر آتا ہے : "دیکھو یہ خُدا کا برّہ ہے جو دُنیا کا گُناہ اُٹھا لے جاتا ہے"(یوحنا 1باب 29آیت)۔

یسوع کے بپتسمہ نے یہ بھی ظاہر کیا کہ وہ گنہگاروں کے مشابہ ہو گیا تھا۔ اُس کا بپتسمہ گنہگاروں کے مسیح کی راستبازی میں بپتسمہ لینے، اُس کے ساتھ مرنے اور گناہ سے آزاد ہو کر نئی پیدایش کی حامل زندگی میں چلنے کے قابل ہونے کی علامت ہے۔ اُس کی کامل راستبازی اُن گنہگاروں کی خاطر شریعت کے تمام تقاضوں کو پورا کرے گی جو اپنے طور پر ایسا کرنے کی کبھی امید نہیں کر سکتے تھے۔ جب یوحنا خُدا کے بے گناہ بیٹے کو بپتسمہ دینے میں ہچکچایا توخُداوند یسوع نے جواب دیا کہ " ساری راست بازی پُوری کرنا مُناسب ہے "(متی 3باب 15آیت)۔ اِس طرح یسوع نے اُس راستبازی کی طرف اشارہ کیا جو وہ اُن سب کو فراہم کرتا ہے جو اپنے گناہوں کا اُس کی راستبازی کے ساتھ تبادلہ کرنے کے لیے اُس کے پاس آتے ہیں (2 کرنتھیوں 5باب 21آیت)۔ مزید برآں یسوع کا بپتسمہ کے لیے یوحنا کے پاس آنا اُس کی طرف سے یوحنا کے بپتسمہ کی یہ گواہی دیتے ہوئے منظوری ثابت ہوا ، کہ یہ بپتسمہ آسمان سے اور خدا کی مرضی کے مطابق تھا۔اِس کی اہمیت آنے والے وقت میں ظاہر ہونے والی تھی ، بالخصوص اُس وقت جب ہیرودیس کے ہاتھوں یوحنا کی گرفتاری کے بعد دیگرلوگ اُس کے اختیار پر شک کرنا شروع کر دیں گے (متی 14باب 3-11آیات) ۔

غالباً سب سے اہم بات یہ ہے کہ بپتسمہ آنے والی تمام نسلوں کے لیے ثالوث خُدا کےاُس کامل تجسم کو قلم بند کرنے کا موقع تھا جو آسمان سے جلال کی صورت میں ظاہر ہوا تھا ۔ بیٹے کے ساتھ باپ کی خوشنودی کی آسمان سے براہِ راست گواہی اور یسوع پر رُوح القدس کا نزول (متی 3باب 16-17آیات) خدا کی ثالوث فطرت کی ایک خوبصورت تصویر ہے۔ یہ اُن لوگوں کی نجات میں باپ، بیٹے اور رُوح کے کام کو بھی ظاہر کرتا ہے جنہیں بچانے کے لیے یسوع دنیا میں آیا تھا۔ باپ بناِ یِ عالم سے چنے ہوؤں سے محبت رکھتا ہے (افسیوں 1باب 4آیت)؛ وہ اپنے بیٹے کو کھوئے ہوؤں کو ڈھونڈنے اور نجات دینے کے لیے بھیجتا ہے (لوقا 19باب 10آیت)؛ اور رُوح گناہ کے لیے مجرم ٹھہراتا (یوحنا 16:8) اور بیٹے کے وسیلہ سے ایمانداروں کو باپ کی طرف کھینچ لاتاہے۔ خُدا کے رحم کی تمام شاندار سچائی یسوع مسیح کے وسیلے اُس کے بپتسمہ کے وقت عیاں ہے۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

یسوع نے بپتسمہ کیوں لیاتھا؟ یسوع کا بپتسمہ کیوں ضروری تھا ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries