settings icon
share icon
سوال

رُوح القدس کون ہے؟

جواب


رُوح القدس کی شناخت کے حوالے سے لوگوں میں بہت زیادہ غلط فہمیاں پائی جاتی ہیں۔ کچھ تو رُوح القدس کو ایک پُراسرار قوت کے طور پر دیکھتے ہیں۔ دیگر کچھ ایسے ہیں جو رُوح القدس کو ایک لاشخصی قوت خیال کرتے ہیں جو خُدا اُن لوگوں کو عطا کرتا ہے جو مسیح کے پیروکار ہوتے ہیں۔ بائبل مُقدس رُوح القدس کی شناخت کے بارے میں کیا کہتی ہے؟ اگر ہم اِس کوبالکل سادہ طریقے سے دیکھیں اور سمجھیں تو بائبل اعلان کرتی ہے کہ رُوح القدس خُدا ہے۔ بائبل یہ بھی بیان کرتی ہے کہ رُوح القدس الٰہی ذات ، ایک شخصیت ہے جس کی اپنی حکمت(عقل) جذبات اور مرضی ہے۔


اِس حقیقت کوکہ رُوح القدس خُدا ہے کلامِ مُقدس کے بہت سارے حوالہ جات بشمول اعمال 5باب 3-4آیات میں دیکھا جا سکتا ہے۔ اِس حوالے میں پطرس حننیاہ کا سامنے کرنے ہوئے اُس سے پوچھتا ہے کہ اُس نے رُوح القدس سے جھوٹ کیوں بولا اور وہ اُسے بتاتا ہے کہ ایسا کرکے اُس نے "انسان سے نہیں بلکہ خُدا سے جھوٹ بولا ہے۔" یہ ایک بالکل واضح اعلان ہے کہ رُوح القدس سے جھوٹ بولنا خُدا سے جھوٹ بولنے کے مترادف ہے۔ مثال کے طور پر 139 زبور کی 7-8آیات میں دیکھا جا سکتا ہے کہ رُوح القدس ہر جگہ موجود یعنی حاضر و ناظر ہے " مَیں تیری رُوح سے بچ کر کہاں جاؤں یا تیری حضوری سے کدھر بھاگوں؟اگر آسمان پر چڑھ جاؤں تو تُو وہاں ہے۔ اگر مَیں پاتال میں بستر بچھاؤں تو دیکھ! تُو وہاں بھی ہے۔"پھر 1 کرنتھیوں 2باب 11-12آیات میں ہم رُوح القدس کے علیمِ کل (یعنی سب کچھ جاننے والی) خصوصیت کا مشاہدہ کرتے ہیں۔ "کیونکہ انسانوں میں سے کون کسی انسان کی باتیں جانتا ہےسوا انسان کی اپنی رُوح کےجو اُس میں ہے؟ اِسی طرح خُدا کے رُوح کے سوا کوئی خُدا کی باتیں نہیں جانتا۔"

ہم پُریقین طور پر یہ جان سکتے ہیں کہ رُوح القدس حقیقت میں ایک الٰہی ذات ہے کیونکہ اُس کی اپنی عقل (حکمت)، جذبات اور اپنی مرضی ہے۔ رُوح القدس سوچتا ہے اور جانتا ہے (1 کرنتھیوں 2باب 10آیت)۔رُوح القدس کو رنجیدہ بھی کیا جا سکتا ہے یا وہ ہمارے اعمال اور رویوں کی وجہ سے رنجیدہ بھی ہو سکتا ہے (افسیوں 4باب 30آیت)۔ رُوح القدس ہماری شفاعت کرتا ہے (رومیوں 8باب 26-27آیات)۔ وہ اپنی مرضی کے مطابق فیصلے کرتا ہے (1 کرنتھیوں 12باب 7-11آیات)۔ رُوح القدس خُدا ہے، پاک تثلیث کا تیسرا اقنوم۔ پس بطورِ خُدا رُوح القدس حقیقت میں ہمارے مدد گار، تسلی دینے والے اور ہماری صلاح کاری کرنے والے کے طور پر کام کر سکتا ہے جس کا خُداوند یسوع نے ہم سے وعدہ کیا تھا۔ (یوحنا 14باب 16، 26آیات؛ 15باب 26آیت)۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

رُوح القدس کون ہے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries