settings icon
share icon
سوال

رُوح القدس کی مُہر کیا ہے؟

جواب


رُوح القدس کو مسیحی ایمانداروں کے دلوں پر کی گئی " مہر" اور اُن کی میراث کے "بیعانہ " کے طور پر پیش کیا جاتا ہے ( 2کرنتھیوں 1باب 22آیت؛ 5باب 5آیت؛ افسیوں 1باب 13-14آیات؛ 4باب 30آیت)۔ رُوح القدس خدا کے لوگوں پر اُس کے اس دعوے کی مہر ہے کہ ہم اُس کی ملکیت ہیں ۔ ان حوالہ جات میں جس یونانی لفظ کا ترجمہ " بیعانہ " کیا گیا ہے وہ لفظ arrhabōn (ارہا بون)ہے جس کا مطلب " ضمانت" ہے۔ یہ خریداری کے عمل میں پیشگی میں دی جانے والی وہ رقم یا چیز ہے جو باقی کی ادائیگی کی ضمانت ہوتی ہے ۔ ایمانداروں کو دی جانے والی رُوح القدس کی یہ نعمت ہماری اُس آسمانی میراث کی پیشگی ہے جس کا مسیح نے ہم سے وعدہ کیا ہے اور جسے صلیب پر ہمارے لیے محفوظ کیا گیا ہے ۔ رُوح القدس نے اس لیے ہم پر مہر کی ہے کہ ہم اپنی نجات کے بارے میں پُر یقین ہو جائیں ۔ اور خدا کے رُوح کی اس مُہر کو کوئی شخص توڑ نہیں سکتا ۔

رُوح القدس ایماندارو ں کو " پہلی قسط" کے طور پر دیا گیا ہے تاکہ ہمیں یقین دلایا جا سکے کہ خدا کے فرزندوں کی حیثیت سے ہماری مکمل میراث ہمیں بعد میں دی جائے گی۔ رُوح القدس اس بات کی تصدیق کےلیے ہمیں دیا جاتا ہے کہ ہم خدا سے منسلک ہیں جو بخشش کے طور پر ہمیں اپنا رُوح دیتا ہے بالکل ویسے جیسے فضل اور ایمان اُس کی طرف سے بخشش ہیں ( افسیوں 2باب 8-9آیات)۔ رُوح کی نعمت کےوسیلہ سے خدا ہمیں نئے سرے سے پیدا کرتا اور ہماری تقدیس کے عمل کو سرانجام دیتا ہے ۔ وہ ہمارے دلوں میں ایسے جذبات، اُمیدیں اور خواہشات پیدا کرتا ہے جو اس بات کا ثبو ت ہیں کہ خدا نے ہمیں قبول کیا ہے ، کہ ہم اُس کے لے پالک فرزند بنیں اور جانیں کہ ہماری اُمید حقیقی ہے اور یہ کہ ہماری نجات اور مخلصی بالکل اُسی طرح یقینی ہے جس طرح ایک مُہر کسی وصیت یامعاہدے کی یقین دہانی کراتی ہے ۔ خدا نے اپنے رُوح کو اس حقیقی ضمانت کے طور پر ہمیں دیا ہے کہ ہم ہمیشہ کےلیے اُسی کے ہیں اور آخری دن نجات پائیں گے ۔ توبہ کا باعث بننے والی خدا کی تاثیر ، رُوح کا پھل ( گلتیوں 5باب 22-23آیات)، خدا کی مرضی اور احکام کی پیروی ، دعا اور حمد و ستایش کا جذبہ اور دوسرے لوگوں کےلیے محبت یہ تمام باتیں رُوح القدس کی موجودگی کی توثیق کرتی ہیں ۔ یہ چیزیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ رُوح القدس نے دل کو نئی پیدایش بخشی ہے اور مسیحی ایمانداروں پر نجات کے دن کےلیے مہر کر دی گئی ہے ۔

لہذا یہ رُوح القدس اور اُس کی تعلیمات اور رہنما قوت کے وسیلہ سے ممکن ہے کہ ہم پر نجات اور کاملیت کے دن تک کےلیے مہر اور تصدیق کی جاتی ہے اور ہم گناہ کی بد عنوانی اور قبر سے آزادی حاصل کرتے ہیں ۔ کیونکہ ہمارے دلوں پر رُوح القدس کی مہر کی گئی ہے لہذا ہم پُر اطمینان زندگی بسر کر سکتے ہیں اور مستقبل میں اپنے اُس یقینی مقام کے بارے میں پُر اعتماد ہو سکتے ہیں جس میں ہمارے لیے ناقابلِ تصور عزت و جلال رکھا ہوا ہے۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

رُوح القدس کی مُہر کیا ہے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries