settings icon
share icon
سوال

بڑی مصیبت سے کیا مُراد ہے؟

جواب


بڑی مصیبت کا دور مستقبل کا وہ دور ہے جب خُداوند اپنے منصوبے کے کم از کم دو اہم پہلوؤں کو پورا کرے گا: (1) وہ بنی اسرائیل قوم کی تربیت کا اپنا کام مکمل کر لے گا(دانی ایل 9باب24آیت)، اور (2) وہ غیر ایماندار ، خُدا کو نہ ماننے والے دُنیا کے لوگوں کی عدالت کرے گا (ماشفہ 6-18 ابواب) ۔ مصیبت کے دِنوں کا دورانیہ سات سال ہوگا۔ اِس کا تعین دانی ایل نبی کی معرفت بیان کردہ ستر ہفتوں کو سمجھنے کی بدولت کیا گیا ہے (دانی ایل 9باب 24-27آیات؛ اِس عنوان پر اِس مضمون کا بھی مطالعہ کیجئے"عظیم مصیبت کیا ہے، ہم کیسے جان سکتے ہیں کہ عظیم مصیبت سات سالوں تک جاری رہے گی")مصیبت کے سات سالہ دور کا جو دوسرا حصہ یعنی ساڑھے تین سال کا عرصہ ہوگا اُس کو بڑی مصیبت کہا گیا ہے۔ اِس حصے کو عام مصیبت کے دور سے فرق کیا جاتا ہے کیونکہ اِس حصے کے دوران حیوان، یا مخالفِ مسیح ظاہر ہوگا اور اِس دُنیا پر خُدا کے قہر کے نزول میں شدت آ جائے گی۔ پس اِس موقع پر اِس بات پر زور دینا اہم ہے کہ اخیر زمانے کی مصیبت اور بڑی مصیبت کی اصطلاحات قطعی طور پر مترادف نہیں ہیں۔ علم الآخر (مستقبل کی باتوں اور چیزوں کے علم ) میں مصیبت جس کے لیے انگریزی اصطلاح Tribulation استعمال کی جاتی ہے اُس کو سات سالوں کا مصیبت کا دور خیال کیا جاتا ہے لیکن جب اُسے "بڑی مصیبت Great Tribulation " کہا جاتا ہے تو اُس سےمُراد آخری ساڑھے تین سال لیے جاتے ہیں۔

خُداوند یسوع مسیح نے خود اِس اصطلاح " بڑی مصیبت" کا استعمال اُس وقت کیا جب وہ مصیبت کے اُس دور کے آخری حصے کے بارے میں بات کر رہا تھا۔ متی 24باب21آیت میں یسوع فرماتا ہے کہ " کیونکہ اُس وقت اَیسی بڑی مصیبت ہوگی کہ دُنیا کے شروع سے نہ اَب تک ہوئی نہ کبھی ہوگی ۔ "اِس آیت کے اندر یسوع متی 24باب 15آیت کے واقعے کی طرف اشارہ کرتا ہے جو اجاڑنے والی مکروہ چیز کے ظاہر ہونے کو بیان کرتی ہے یعنی وہ ہستی جسے مخالفِ مسیح کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔ مزید برآں متی 24باب 29-30آیات کے اندر یسوع بیان کرتا ہے کہ " اور فوراً اُن دِنوں کی مصیبت کے بعد سورج تاریک ہو جائے گا اور چاند اپنی روشنی نہ دے گا اور ستارے آسمان سے گریں گے اور آسمانوں کی قوتیں ہلائی جائیں گی۔ اور اُس وقت اِبنِ آدم کا نشان آسمان پر دکھائی دے گا۔ اور اُس وقت زمین کی سب قومیں چھاتی پیٹیں گی اور اِبنِ آدم کو بڑی قدرت اور جلال کے ساتھ آسمان کے بادلوں پر آتے دیکھیں گی۔ "اِس حوالے میں یسوع اجاڑنے والی مکروہ چیز(15آیت) کے ظہور کو بیان کرتے ہوئے بڑی مصیبت کی وضاحت کرتا ہے (21 آیت)، اور بتاتا ہے کہ اِس بڑی مصیبت کا اختتام اُس کی اپنی آمدِ ثانی کے ساتھ ہوگا (30آیت)۔

دیگر حوالہ جات جو بڑی مصیبت کی طرف اشارہ کرتے ہیں وہ ہیں دانی ایل 12 باب 1 ب آیت، جو کہ بیان کرتی ہے کہ " اور اُس وقت میکائیل مقرب فرشتہ جو تیری قوم کے فرزند وں کی حمایت کے لے کھڑا ہے اُٹھے گا اور وہ ایسی تکلیف کا وقت ہوگا کہ ابتدائی اقوام سے اُس وقت تک کبھی نہ ہوا ہوگا اور اُس وقت تیرے لوگوں میں سے ہر ایک جس کا نام کتاب میں لکھا ہوگا رہائی پائے گا۔ "یوں محسوس ہوتا ہے کہ جب یسوع متی 24باب21آیت کے الفاظ کو ادا کر رہا تھا تو وہ دراصل دانی ایل کی اِس بات کا حوالہ دے رہا تھا۔ یرمیاہ 30باب 7آیت کے اندر بھی بڑی مصیبت کی طرف اشارہ کیا گیا ہے، " افسوس !وہ دن بڑا ہے۔ اُسکی مثال نہیں ۔ وہ یعقوب کی مصیبت کا وقت ہے پر وہ اُس سے رہائی پائیگا ۔ " یعقوب کی مصیبت جیسی اصطلاح اسرائیل قوم کی طرف اشارہ کرتی ہے جو کہ بہت بڑے پیمانے پر ایسی ایذا رسانی اور فطری آفات کا سامنا کرے جیسی پہلے کبھی دیکھنے کو نہیں ملی۔

جب ہم اُس معلومات کو دیکھتے ہیں جو متی 24 باب 15-30آیات کے اندر خُداوند یسوع نے ہمیں دی ہے تو اُس کی روشنی میں اِس بات کا خلاصہ کرنا آسان ہے کہ بڑی مصیبت کا آغاز اُس وقت ہوگا جب وہ گناہ کا فرزند ، مخالفِ مسیح اپنی اصلیت کو ظاہر کرتے ہوئے اپناگناہ آلود کام شروع کرے گا۔ دانی ایل 9باب26-27آیات کے اندر ہم دیکھتے ہیں کہ یہ شخص دُنیا کے ساتھ ایک سات سالہ امن کا "معاہدہ" کرے گا(وہاں پر اِس کے لیے ایک ہفتے کی اصلاح کا استعمال کیا گیا ہے، اِس کی وضاحت کے لیے ایک بار پھر ہمارا مضمون " عظیم مصیبت کیا ہے، ہم کیسے جان سکتے ہیں کہ عظیم مصیبت سات سالوں تک جاری رہے گی" کا مطالعہ کیجئے)۔ اور اِن سات سالوں کے درمیان – "نصف ہفتہ میں" وہ عہد کو توڑ دے گا اور ذبیحہ اور ہدیہ موقوف کرے گا ، اور یہ چیز اُس شخص کی طرف سے ہیکل کی تعمیر نو کے عمل کے دوران کچھ کرنا ہے۔ مکاشفہ 13باب 1-10آیات ہمیں حیوان کے کاموں کے بارے میں زیادہ معلومات دیتی ہیں اور یہ اُس کی طاقت اور کام کرنےکے دورانیے کی بھی تصدیق کرتی ہیں۔ مکاشفہ 13باب 5آیت بیان کرتی ہے کہ وہ 42 مہینوں تک کام کر پائے گا جو کہ ساڑھے تین سال کا عرصہ بنتا ہے جو بڑی مصیبت کا دورانیہ ہوگا۔

بڑی مصیبت کے بارے میں ہمیں زیادہ تر معلومات مکاشفہ کی کتاب میں سے ملتی ہے۔ مکاشفہ 13باب جہاں پر حیوان ظاہر ہوتا ہے وہاں سے لیکر مکاشفہ 19 باب جہاں پر مسیح ظاہر ہوتا ہے ہمیں خُدا کے اُس قہر کی تصویر نظر آتی ہے جو اِس زمین پر بے ایمان اور خُدا کے خلاف بغاوت (مکاشفہ 16-18ابواب) کی وجہ سے نازل کیا گیا۔ یہاں ہمیں یہ تصویر بھی نظر آتی ہے کہ اِس زمین پر ایک زمینی بادشاہت قائم کرنے کے دور تک خُدا اسرائیل کے ساتھ اپنے وعدے کو کیسے پورا کرتا ہے(مکاشفہ 20باب 4-6آیات) ا ور کس طرح سے وہ اُن کی تربیت بھی کرتا ہے لیکن اِس کے ساتھ ساتھ اُن کی حفاظت بھی کرتا ہے(مکاشفہ 14باب 1-5آیات)۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

بڑی مصیبت سے کیا مُراد ہے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries