settings icon
share icon
سوال

مَیں کیسے جان سکتا ہوں کہ خدا کا متعین کردہ وقت کیا ہے ؟

جواب


ہمیں خدا کے متعین کردہ وقت کے بارے میں سب سے پہلے اِس بات کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ خدا کے اوقات کار بالکل اُسی طرح کامل ہیں جیسے خدا کی تمام راہیں کامل ہیں ( 18زبور 30آیت ؛ گلتیوں 4باب 4آیت)۔ خدا کے متعین کردہ اوقات میں کبھی بھی جلدی اور کبھی بھی دیر نہیں ہوتی ۔ درحقیقت ہمارا خودمختار خدا ہماری زندگیوں میں اپنے الٰہی مقاصد کو ہماری پیدایش سے بھی پہلے سے لے کر اُس لمحے تک پورا کر رہا ہے جب ہم اِس زمین پر اپنی آخری سانس لیں گے ۔ وہ ازل سے ابد تک ہر چیز اور ہر انسان پر مکمل اختیار رکھتا ہے۔ تاریخ میں کسی بھی واقعے نے خدا کے اُس ابدی منصوبے کے اوقات کار پر کبھی اثر نہیں ڈالاجسے اُس نے دنیا کی بنیاد سے پہلے ترتیب دیا تھا۔

اس پر کوئی شخص خیال کرے گا کہ اپنے خالق کی حاکمیت کو سمجھنے کے وسیلے صبر اور انتظار کرناکسی حد تک آسان ہو جائے گا۔ تاہم بدقسمتی سے معاملہ ہمیشہ ایسا نہیں ہوتا ۔ ہماری انسانی فطرت خدا کے کامل اوقات کار کے منتظر رہنے کو ایک مشکل کام بنا سکتی ہے۔ درحقیقت ہماری پُراضطراب زندگی کی ہلچل میں ہمیں اکثر کسی چیز یا انسان کا انتظار کرنا مشکل لگتا ہے۔ ہم جس چیز کی خواہش کرتے ہیں اُسے فوراً حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ اور ہماری جدید تکنیکی ترقی کی مدد سے ہم اکثر وہ حاصل کر پاتے ہیں جو ہم چاہتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں ہم نہ صرف اپنے صبر کی صلاحت سے محروم ہو رہے ہیں بلکہ خدا کے اوقات کار کو پہچاننا بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔

صبر رُوح کا ایک پھل ہے (گلتیوں 5باب 22آیت ) اور کلام مقدس یہ واضح کرتا ہے کہ جب ہم اِس خوبی کا اظہار کرتے ہیں تو خدا ہم سے خوش ہوتا ہے: " خُداوند میں مطمئن رہ اور صبر سے اُس کی آس رکھ " ( 37زبور 7آیت ) کیونکہ خدا اُن پر مہربان ہے جو اُس کا انتظار کرتے ہیں (نوحہ 3باب 25 آیت)۔ اور ہمارا صبر اکثر اس بات کو عیاں کرتا ہے کہ ہمارا خدا کے اوقات کارپر کس قدر بھروسہ ہے۔ ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ خدا ہمارے نہیں بلکہ اپنے کامل اور پہلے سے طے شدہ ابدی لائحہ عمل کے مطابق کام کرتا ہے۔ ہمیں یہ جان کر بڑی تسلی حاصل کرنی چاہیے کہ جب ہم خُداوند کے منتظر رہتے ہیں تو ہم الٰہی قوت اور تقویت پاتے ہیں: " لیکن خُداوند کا اِنتظار کرنے والے ازسرِ نَو زور حاصل کریں گے۔ وہ عقابوں کی مانِند بال و پر سے اُڑیں گے وہ دَوڑیں گے اور نہ تھکیں گے۔ وہ چلیں گے اور ماندہ نہ ہوں گے"(یسعیاہ 40باب 31آیت)۔ زبور نویس اِس بات کو دہراتا ہے : "خُداوند کی آس رکھ۔ مضبُوط ہو اور تیرا دِل قوی ہو۔ ہاں خُداوند ہی کی آس رکھ"(27زبور 14آیت)۔

بھروسہ رکھنا خدا کے اوقات کار کو سمجھنے کی ایک اور کلید ہے۔ درحقیقت خُداوند کے منتظر رہنے کی ہماری قابلیت بڑی حد تک اس بات کیساتھ منسلک ہے کہ ہم اُس پر کتنا بھروسہ کرتے ہیں۔ جب ہم اپنے آپ پر انحصار کواور اکثر حالات کے بارے میں غلط فہمی کو ترک کرتے ہوئے پورے دل کے ساتھ خُدا پر بھروسہ کرتے ہیں وہ یقیناً ہماری رہنمائی کرے گا (امثال 3باب 5-6آیات)۔ " جس کا توکُّل خُداوند پر ہے رحمت اُسے گھیرے رہے گی"۔ تاہم خدا پر مکمل بھروسہ کرنے کے لیے ہمیں خدا کو جاننے کی ضرورت ہے۔ اور اُسے جاننے کا بہترین طریقہ اُس کے کلام کا مطالعہ کرنا ہے۔ ہماری زندگیوں میں خُدا کی الٰہی قوت اُس کے الہامی کلام کے ذریعے سے جاری رہتی ہے (1تھسلنیکیوں 2باب 13آیت )۔ خدا کے کلام میں نجات کا باعث بننا (رومیوں 10 باب 17 آیت ؛ 1پطرس 1باب 23آیت )، تعلیم اور الزام اور اصلاح کرنا (2 تیمتھیس 3باب 16-17آیات)، رہنمائی کرنا (199زبور 105آیت )، حفاظت کرنا (119زبور 114، 117آیات)، تقویت بخشنا( 119زبور28آیت) اور ہمیں عقل مندبنانا ( 199زبور 97-100آیات) شامل ہے۔ اگر ہم ہر زور اُس کے کلام کا مطالعہ اور اُس پر دھیان گیان کرتے ہیں تو اُس کے اوقات کار بھی ہم پر واضح ہو جائے گا۔

جب ہم خُدا کے اوقات کار پر سوال اُٹھاتے ہیں تو اِس کی اکثر وجہ یہ ہوتی ہے کہ ہم رہنمائی کے منتظر یا کسی مشکل صورتحال سے چھٹکارے کی تلاش میں ہوتے ہیں۔ بہرحال ہم پُر یقین رہ سکتے ہیں کہ ہمارا آسمانی باپ بخوبی جانتا ہے کہ ہم اپنی زندگی کے ہر لمحے میں کس حالت میں ہیں۔ وہ پوری طرح اپنے کامل مقصد کے پیشِ نظر یا تو ہمیں وہاں رکھتا ہے یا ہمیں وہاں رہنے دیتا ہے ۔ درحقیقت خُدا اکثر آزمایشوں کو ہمارے صبر کو مضبوط کرنے کے لیے استعمال کرتا ہے اور یوں مسیحی ایمان کو پختہ اور کامل ہونے کی اجازت دیتا ہے (یعقوب 1باب 3-4آیات)۔ اور ہم جانتے ہیں کہ بشمول اِن تمام آزمایشوں کے سب چیزیں خدا سے محبت رکھنے والوں کے لیے بھلائی پیدا کرتی ہیں (رومیوں 8باب 28آیت )۔بےشک خدا اپنے بچّوں کی فریاد سنتا اور اپنی کامل مرضی اور اوقات کار کے مطابق اُن فریادوں کا جواب دیتا ہے۔ "صادِق کی مصیبتیں بہت ہیں لیکن خُداوند اُس کو اُن سب سے رہائی بخشتا ہے"(34زبور 19آیت)۔ خدا نے اپنے بچّوں کے واسطے جو منصوبے بنائے ہیں وہ اچھے ہیں کیونکہ وہ ہماری سلامتی کے لیے ہیں نہ کہ ہمیں دُکھ دینے کے لیے (یرمیاہ 29باب 11آیت)۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

مَیں کیسے جان سکتا ہوں کہ خدا کا متعین کردہ وقت کیا ہے ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries