settings icon
share icon
سوال

مجھے ایک مسیحی بوائے فرینڈ میں کیا تلاش کرنا چاہیے ؟

جواب


بائبل ڈیٹنگ یا موجودہ دور میں پیار و محبت میں کی جانے والی ملاقاتوں کا ذکر نہیں کرتی، بلکہ یہ رومانوی رشتوں اور تعلقات کے لحاظ سے شادی کے اصولوں پر مرکوز ہے۔ آج کل ڈیٹنگ کو اِس بات کا جائزہ لینے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے کہ آیا مرد اور عورت شادی کے لیے باہمی طور پر اچھے ساتھی ہونگے یا نہیں۔ اِس بات کو مدِنظر رکھتے ہوئے سب سے پہلے تو ایک مسیحی بوائے فرینڈ کو ایک ایسا شخص ہونا چاہیے جو ایک اچھا مسیحی شوہر بن سکتا ہو۔ ایک مسیحی عورت کو کسی ایسے شخص کی تلاش میں ہونا چاہیےجو سب سے پہلے تو خُدا کے ساتھ اپنے تعلق میں سنجیدہ ہو اور پھر اُس عورت کے ساتھ بھی اپنے تعلق میں سنجیدہ ہو۔ کوئی بھی شخص یہ کہہ سکتا ہے کہ وہ خُداوند یسوع سے محبت کرتا ہے یا وہ مسیحی ہے۔ تو جب آپ کسی کی محبت میں گرفتار ہوتی ہیں تو آپ کیسے جان سکتی ہیں کہ وہ بندہ حقیقت میں سچا ہے یا نہیں؟

بائبل ایسی آیات سے بھری پڑی ہے جو یہ بیان کرتی ہیں کہ ایک مسیحی مرد کو کیسا ہونا چاہیے، ایسی آیات جو کسی بھی ایسی عورت کے لیے مددگار اور قابلِ بھروسہ ہو سکتی ہیں جو اپنے ممکنہ شوہر کے لیے کسی مرد کی ذات کا جائزہ لے رہی ہوتی ہے۔ اِن آیات کی تعلیمات کی بنیاد پر ذیل میں کچھ رہنما اصول پیش کئے گئے ہیں۔ ایک مسیحی بوائے فرینڈ کومندرجہ ذیل خصوصیات کا حامل ہونا چاہیے:

حلیم اور تعلیم پذیر: بائبل مُقدس ہمیں بتاتی ہے کہ ایک راستباز یا دانا شخص کے لیے اگر نصیحت تکلیف دہ بھی ہو تو بھی وہ اُسے خوشی کے ساتھ قبول کرے گا (141 زبور 5 آیت؛ امثال 9باب9 آیت، 12باب15 آیت)۔ ایک راستباز آدمی کلام ِ مُقدس کی تعلیمات کی روشنی میں نصیحت پذیر ہونے کے لیے رضامندی ظاہر کرتا ہے اور اُس میں اُن لوگوں سے محبت کرنے اور اُن کی بات کو سننے کا رجحان پایا جاتا ہے جو اُسے کلامِ مُقدس میں سے سکھا سکتے ہیں۔

ایماندار: کیا اُس کے اعمال اُس کے قول کے ساتھ متفق ہیں؟بائبل بیان کرتی ہے کہ ایک راستباز آدمی اپنی ذاتی اور کاروباری زندگی میں دیانتداری کا مظاہرہ کرتا ہے (افسیوں 4باب48 آیت)۔ مزید برآں جب ایک مسیحی شخص وعدہ کرتا ہے تو پھر اُس وعدے کی تکمیل سے چاہے اُسے تکلیف ہی کیوں نہ ہو وہ اپنے وعدے کو پورا کرتا ہے (15 زبور 2-5 آیات)۔ مختصراً اُس کے کردار کو دیانتداری کا ثبوت دینا چاہیے۔

بے لوث: بائبل بالخصوص شوہروں سے بات کرتی ہے، جب وہ اُنہیں یہ بتاتی ہے کہ وہ اپنی بیویوں سے بالکل اپنے بدن کی طرح محبت کریں اور اُن کے لیے یسوع مسیح کا نمونہ موجود ہے کہ جیسے مسیح نے کلیسیا سے محبت کی اور اپنے آپ کو کلیسیا کی نجات کے لیے دے دیا (افسیوں 5باب25-32 آیات)، وہ بھی اپنی بیویوں سے ایسی محبت کا مظاہرہ کریں۔ ایک مسیحی بوائے فرینڈ کو شادی سے پہلے بھی اپنی گرل فرینڈ کے لیے اِس طرح کی دیکھ بھال اور محبت کا مظاہرہ کرنے کا آغاز کرنا چاہیے۔ محبت کرنا ابتدائی رومانوی مراحل کے دوران آسان ہوتا ہے۔ لیکن ایک مسیحی بوائے فرینڈ اِس طرح کا شخص ہونا چاہیے جس کا طرزِ عمل اور ارادے ہر قسم کے حالات کے اندر محبت کا اظہار کریں (1 یوحنا 3باب18 آیت) ۔

ضروریات کی فراہمی کے قابل اور فراہم کرنے کے لیے تیار: بائبل میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی شخص اپنے خاندان کی خبر گیری نہ کرے تو وہ ایمان کا مُنکر اور بے ایمان سے بد تر ہے (1 تیمتھیس 5باب8 آیت)۔ خبر گیری کرنے کا مطلب بہت زیادہ رقم لانا ہرگز نہیں ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ کیا وہ اپنی بیوی اور بچّوں کی فلاح و بہبود کے لیے ذمہ داری لیتا ہے۔ عورتوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ اِس آیت کی سنگینی کو سمجھیں۔ جو شخص خبر گیری نہیں کرنا چاہتا اُس کے لیے عورت کا احترام کرنا بہت مشکل ہے اور اگر ایسی صورت میں بیوی اپنے شوہر کی عزت کرنے کے لیےجدوجہد کرتی ہے تو مادی پریشانیاں اُن کی ازدواجی زندگی میں پائے جانے والے مسائل کے آڑے آئیں گی۔ عورت کی طرف سے اپنے شوہر کی عزت کرنے اور مرد کی طرف سے اپنی بیوی سے پیار کرنے کے عوامل کا انحصار ایک دوسرےپر ہی ہے اور یہ دونوں عوامل ہی ایک شادی کو زندگی بخشتے ہیں (افسیوں 5باب 25-32 آیات)۔

فعال طور پر تحفظ فراہم کرنے کے لیے تیار: جسمانی اور جذباتی طور پر عورت مردوں کے مقابلے میں کمزور ہے اور اِن دونوں طرح سے اُسے آسانی کے ساتھ تکلیف پہنچائی جا سکتی ہے۔ اُنہیں سمجھنے، اُنہیں محفوظ رکھنے اور فعال طریقے سے اُنکی دیکھ بھال کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ ایک اچھا مسیحی بوائے فرینڈ ایک ایسا شخص ہوتا ہے جو اپنی گرل فرینڈ کی دیکھ بھال اور پرواہ کرے اور اپنے اِس جذبےکو قائم رکھتے ہوئے اُسے شادی کے بندھن تک لے کر جائے (1 پطرس 3باب7 آیت)۔

اِس کے علاوہ یہاں پر کچھ منفی چیزیں بھی ہیں جن پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے: مادیت پرستی (1 یوحنا 2باب15-16 آیات؛ 1 تیمتھیس 6باب10 آیت)، جھوٹ بولنا ( امثال 12باب22 آیت؛ 19باب22 آیت)، جنسی بد دیانتی (واعظ 7باب26 آیت؛ امثال 7 باب)، خاندانی افراد کے ساتھ بُرا سلوک ، خاص طور پر ماں کے ساتھ (امثال 15باب20 آیت؛ 19 باب 26 آیت؛ 20باب20 آیت 23باب 22 آیت)۔ عام طور پر جس طرح سے کوئی شخص اپنی ماں کے ساتھ سلوک کرتا ہے اُس سے اِس بات کا واضح اشارہ ملتا ہے کہ وہ اپنی بیوی کے ساتھ کیسا سلوک کرے گا۔ مزید برآں ‏غیر منطقی طور پر دوسرے شخص کو اپنے قابو میں رکھنے یا حسد کرنے کے رجحانات پر بھی نظر رکھیں کیونکہ یہ چیزیں اکثر تشدد کی طرف لے کر جاتی ہیں (امثال 6باب34 آیت؛ 27باب4 آیت)۔

آخری میں ایک مسیحی بوائے فرینڈ وہ ہے جو کسی عورت کے لیے یکساں طور پر برابری کا ساتھی ہو۔ پہلی بات تو یہ ہے کہ رُوحانی معنوں میں کسی بھی جوڑے کا خُدا کے ساتھ تعلق اوّلین اہمیت کا حامل ہونا چاہیے اور دونوں لوگوں کو اِس معاملے میں یکساں طور پر ایک جیسا ہونا چاہیے۔ ایمانداروں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ ایمانداروں سے ہی شادی کریں (2 کرنتھیوں 6باب14 آیت)، اِس لیے ہمارے پاس کوئی ایسی وجہ نہیں ہے کہ ہم غیر ایمانداروں سے ڈیٹنگ کریں۔ لیکن ایک جوڑے کو عملی پہلوؤں میں بھی یکساں طور پر ایک جیسا ہونا چاہیے۔ اُن کے مزاج میں ہم آہنگی ہونی چاہیے، اُن میں توانائی کی سطح یکساں ہو، اور اُنکی زندگی کے اہداف اور مفادات مشترک ہوں۔ یہ چیزیں کسی بھی رشتے کے اندر خوشی میں بے حد اضافہ کرتی ہیں۔

اِن سب کے ساتھ اگر کسی مرد میں ایک اچھی حِس مزاح اور مستحکم خوش مزاجی ہو تو یہ چیز اُس کی بیوی کے لیے حیرت انگیز طور پر حوصلہ افزاء ہوگی۔ کوئی بھی شخص ہر وقت ہی خوش نہیں ہو سکتا، لیکن جس شخص کی زندگی میں امن اور رُوح کی خوشی پائی جاتی ہے وہ بہترین ساتھی ثابت ہو سکتا ہے۔ زندگی مشکل ہے اور شادی بھی مشکل ہے۔ اداسی کا وقت آئے گا اور باہمی طور پر تنازعات بھی جنم لیں گے۔ ایسےمیں ایک خوش مزاج اور حوصلہ دینے والا جیون ساتھی ایک حقیقی نعمت ہے (امثال 16باب24 آیت؛ 17 باب 22 آیت؛ 15 باب 30 آیت)۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

مجھے ایک مسیحی بوائے فرینڈ میں کیا تلاش کرنا چاہیے ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries