settings icon
share icon
سوال

کیا مسیحیوں کو سالگرہ منانی چاہیے ؟

جواب


کلامِ مُقدس کے اندر مسیحیوں کے لیے سالگرہ منانے کی ممانعت کا ذکر نہیں ہے، اور نہ ہی اِس میں کہیں پر کوئی ایسا اشارہ ملتا ہے کہ ہم سے سالگرہ منانے کا تقاضا کیا جاتا ہے۔ کلامِ کی رُو سے بات کی جائے تو ایک مسیحی کی طرف سے سالگرہ کا منایا جانا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ بائبل میں سالگرہ منانے والے دو افراد کا ذکر کیا گیا ہے: یوسف کے دور میں مصری فرعون (پیدایش 40باب20 آیت) اور خُداوند یسوع کے دور میں ہیرودیس بادشاہ (متی 14باب6 آیت؛ مرقس 6باب21 آیت)۔ کچھ لوگ اِن حوالوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے یہ ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہیں کہ سالگرہ منانا غلط ہے کیونکہ اوپر ذکر کردہ دونوں افراد ہی غیر ایماندار تھے۔ اِس لیے اُن کی سالگرہ کی تقریبات کو کسی نہ کسی قسم کی مشرکانہ رسم کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ تاہم یہ نتیجہ کسی بھی عبارت سے آسانی کے ساتھ اخذ نہیں کیا گیا۔ بائبل میں یہ اشارہ بھی نہیں دیا گیا کہ فرعون یا ہیرودیس کا اپنی سالگرہ منانا غلط تھا۔ نہ ہی بائبل کہیں پر سالگرہ منانے کے تعلق سے کسی مسیحی کی حوصلہ شکنی کرتی ہے۔

پولس نے رومیوں کے نام اپنے خط کے اندر اِس مسئلے کے حل پر بات کی ہے کہ کونسا دِن عبادت کا ہونا چاہیے ۔ لیکن شایدہ ہم اِس اصول کا اطلاق مسیحی سالگرہ کی تقریبات پر بھی کر سکتے ہیں:"کوئی تو ایک دِن کو دُوسرے سے افضل جانتا ہے اور کوئی سب دِنوں کو برابر جانتا ہے ۔ ہر ایک اپنے دِل میں پُورا اِعتقاد رکھّے۔جو کسی دِن کو مانتا ہے وہ خُداوند کے لئے مانتا ہے اور جو کھاتا ہے وہ خُداوند کے واسطے کھاتا ہے کیونکہ وہ خُدا کا شُکر کرتا ہے اور جو نہیں کھاتا وہ بھی خُداوند کے واسطے نہیں کھاتا اور خُدا کا شُکر کرتا ہے " (رومیوں 14باب5-6 آیات)۔ اگر کوئی مسیحی سالگرہ کو ایک خاص دِن کے طور پر مناتا ہے تو یہ ٹھیک ہے؛ اگر کوئی ایماندار سالگرہ کو نہیں مناتا تو یہ بھی ٹھیک ہے۔ چاہیے یہ کہ " ہر ایک اپنے دِل میں پُورا اِعتقاد رکھّے"۔

ایک مسیحی سالگرہ مناتا ہے یا نہیں اِس سے زیادہ اہمیت اِس بات کی ہے کہ وہ اپنی سبھی سرگرمیوں کے ذریعے سے خُداوند کے نام کو جلال کس طرح دیتا ہے (1 کرنتھیوں 10باب31 آیت)۔ اگر کوئی مسیحی سالگرہ کی پارٹی کا انعقاد کرتا ہے تو اُس پارٹی سے خُدا کے نام کو جلال ملنا چاہیے؛ ہمارے گناہ آلود رویے ایسی سالگرہ کی پارٹی کا حصہ نہیں ہونے چاہییں۔ اگر کوئی مسیحی سالگرہ کو نہیں مناتا تواُسے چاہیے کہ وہ اپنے اُس وقت کو ایسی چیزوں سے بھر دے جو خُدا کے نام کو جلال دیتی ہیں۔

کوئی مسیحی سالگرہ مناتا ہے یا نہیں، اُسے اپنے مسیحی بہن بھائیوں کے ضمیر کے صاف ہونے اور اُن سب میں آپسی محبت کے لیے کوشش کرنی چاہیے۔ جو لوگ سالگرہ مناتے ہیں اُنہیں ایسے لوگوں کو حقیر نہیں سمجھنا چاہیے جو ایسا نہیں کرتے، اور جو سالگرہ نہیں مناتے اُنہیں سالگرہ منانے والوں کو کمتر نہیں خیال کرنا چاہیے۔ ایسے تمام معاملا ت کی طرح جن پر کلامِ مُقدس نے واضح طور پر بات نہیں کی، سالگرہ منانے یا نہ منانے کی آزادی ہماری اپنی ذاتی ترجیح کے مطابق ہونی چاہیے۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

کیا مسیحیوں کو سالگرہ منانی چاہیے ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries