settings icon
share icon
سوال

خداوند یسوع چرنی میں کیوں پیدا ہوا؟

جواب


کرسمس کے دنوں میں بارہا کلام، مُقدس کی تلاوت اور پیغامات میں ہمیں سننے کو ملتا ہےکہ یسوع مسیح " چرنی میں پیدا " ہوا تھا ۔ یہاں ہمیں الفاظ کی کچھ درستگی کرنے کی ضرورت ہے، درحقیقت وہ چرنی میں پیدا نہیں ہوا تھا بلکہ خُداوند یسوع کی پیدایش کے بعد مُقدسہ مریم نے اُسے چرنی میں رکھا تھا۔ ( لوقا 2باب 7آیت)۔ اگر چہ ہم یسوع مسیح کی پیدایش کے درست یا حتمی مقام کے بارے میں اِس وقت بالکل درست طور پر نہیں جانتے، لیکن ہم یہ جانتے ہیں کہ یہ مقام بیت لحم کے قریب واقع تھا اور وہاں چرنی یا جانوروں کو چارہ ڈالنے کی جگہ تھی ۔

بنی نو ع انسان کے باغِ عدن میں گناہ میں مبتلا ہونے کے فوراً بعد خدانے نجات دہندہ کی کنوری سے پیدا یش کا وعدہ کیا تھا ( پیدایش 3 باب 15آیت)۔ سینکڑوں سال بعد میکاہ نبی نے بیت لحم کے ایک چھوٹے سے قصبے میں مسیح کی پیدایش کی پیشین گوئی کی : "لیکن اَے بَیت لحم اِفراتاہ اگرچہ تُو یہُودؔا ہ کے ہزاروں میں شامِل ہونے کے لِئے چھوٹا ہے تَو بھی تُجھ میں سے ایک شخص نِکلے گا اور میرے حضُور اِسرا ئیل کا حاکِم ہو گا اور اُس کا مصدر زمانۂِ سابِق ہاں قدِیمُ الایّام سے ہے"(میکاہ 5باب 2آیت)۔ یہ نبوت اُس وقت پوری ہوئی جب یسوع مسیح کے زمینی والدین مریم اور یوسف کو تمام رومی سلطنت میں ہونے والی مردم شماری کے لیے بیت لحم جانا پڑا ( لوقا 2باب 1-2آیات)۔ جب وہ بیت لحم میں ہی تھے تو یسوع کی پیدایش کا وقت آ پہنچا ( لوقا 2باب 6آیت)۔

مردم شماری کے لیے بیت لحم میں آنے والے لوگوں کی بڑی تعداد کے باعث مریم اور یوسف کو سرائے میں جگہ نہ ملی (لوقا 2باب 7آیت)۔ اگرچہ روایت بتاتی ہے کہ وہ سرائے ایک طرح کا ہوٹل نما کوئی چیز تھی لیکن ہم اِس بارے میں یقینی طور پر نہیں جانتے۔ درحقیقت وہ یونانی لفظ جس کا ترجمہ " سرایِ "(کاٹالوما) کیا گیا ہے اُس کا ترجمہ "مسافر خانہ " کیا جا سکتا ہے ۔ اِس حقیقت کے باعث کچھ لوگوں کا ماننا ہے کہ یسوع کی پیدایش ممکنہ طور پر جانوروں کے کسی باڑے کی بجائے گھر کے اُس نچلے حصہ میں ہوئی ہو سکتی ہے جہاں سرائے میں آنے والے لوگوں کے جانوروں کو باندھا جاتا تھا ۔ اگر ایسا معاملہ تھا تو گھر کے اُس حصے میں چر نی کا ملنا حیرانی کا باعث نہ ہو گا۔ جب لوقا رسول بیان کرتا ہے کہ کاٹالوما میں اُن کے لیے جگہ نہ تھی تواِس سے لو قا کا یہ مطلب تھا کہ بالائی حصہ میں جگہ نہ تھی جو دیگر سوئے ہوئے لوگوں کے ساتھ بھرا ہو گا ۔

بہر حال خُداوند یسوع رات کے وقت کسی ایسی جگہ پیدا ہوا تھا جہاں جانوروں کو رکھا جاتا تھا ۔ یسوع کی پیدایش کے بعد مُقدسہ مریم نے اُسےکپڑے میں لپیٹ کر چرنی میں رکھا ( لوقا 2باب 7آیت)۔ اُسی رات بعد میں، چرواہوں نے جو میدان میں اپنے گلہ کی نگہبانی کرتے تھے بچے کواِسی طرح کپڑے میں لپٹا ہوا پایا جیسا کہ فرشتوں نے انہیں بتایا تھا (لوقا2باب 10-12آیات)۔

لہذا ہمارا نجات دہندہ اور بادشاہ ایک ایسی جگہ کیوں پیدا ہوا جہاں جانوروں کو رکھا جاتا تھا ؟ اور اُسے پھر جانوروں کی چرنی میں کیوں رکھا گیا ؟ یقیناً، خدا کا بیٹا ایک اعلیٰ درجے کی انتہائی خوبصورت جگہ میں پیدا ہونے کا مستحق تھا۔ لیکن اِس کے برعکس خدا کے بیٹےنے خود کو زمین پر نہایت پست حالات میں ظاہر کیا۔ یہ عاجزانہ پیدایش مخلوق کو ایک حیرت انگیز پیغام دیتی ہے کہ ہمارے پاس آنے کے لیےاعلیٰ و ارفع خدا نے خود کو پست کیا ۔ زمین پر خصوصی توجہ اور مراعات کے حامل کسی حکمران کی طرح آنے کی بجائے خُداوند یسوع ہماری طرح پست حالی میں پیدا ہوا ۔ وہ قابل رسائی، قابل پہنچ، سب کے لیے موجود و میسر ہے-محل کا کوئی دروازہ اُسکے پاس جانے میں ہمارا راستہ نہیں روکتا؛پہریداروں کا کوئی گروہ ہمیں اُس کے قریب جانے سے منع نہیں کرتا۔ بادشاہوں کا بادشاہ عاجزی کے ساتھ آیا اور اُس کا پہلا بستر ایک چرنی تھا۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

خداوند یسوع چرنی میں کیوں پیدا ہوا؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries