settings icon
share icon
سوال

ایک لاکھ چوالیس ہزار (144,000)کون ہیں؟

video
جواب


ایک لاکھ چوالیس ہزار (منتخب لوگوں ) کا ذکر سب سے پہلے مکاشفہ 7باب 4آیت میں کیا گیا ہے " اور جن پر مُہر کی گئی مَیں نے اُن کا شُمار سنا کہ بنی اِسرائیل کے سب قبیلوں میں سے ایک لاکھ چوالیس ہزار پر مُہر کی گئی۔"یہ حوالہ عظیم مصیبت کی چھٹی مہر کھلنے کے نتیجہ میں آنے والے بڑے عذاب کے بعد ( مکاشفہ 6 باب 12-17آیات) اور ساتویں مہر کے کھولے جانے سے پہلے ( مکاشفہ 8باب 1آیت )کے درمیانی حصہ میں پایا جاتا ہے۔



ابھی اس سوال یعنی " ایک لاکھ چوالیس ہزار منتخب لوگ کون ہیں ؟" کا جواب ا ِس بات پر منحصر ہے کہ کوئی شخص مکاشفہ کی کتاب کے بارے میں کون سا تشریحی یا تفسیری نقطہ ِ نظر اختیار کرتا ہے ۔ ہم مستقبلیِ نقطہ نظر کو زیادہ بہتر خیال کرتے ہیں کیونکہ یہ نقطہ ِ نظر اِس سوال کو لغوی سطح پر دیکھتا اور اِس کا جواب پیش کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ جب ہم ظاہر ی لحاظ سے دیکھتے ہیں تو مکاشفہ 7باب 4آیت عظیم مصیبت کے ایام میں پائے جانے والے ایک لاکھ چوالیس ہزار حقیقی لوگوں کا ذکر کرتی دکھائی دیتی ہے ۔ 5-8آیات کے مطابق اِس حوالے میں کوئی ایسی دلیل نہیں پائی جاتی جو 144،000 کویہودیوں کے ہر ایک قبیلے سے 12000 لوگوں کے لیے جانے کے لغوی معنوں کی بجائے اِس کی کوئی اور تفسیر پیش کرے ۔

اِن 144،000 یہودیوں پر "مہر" کی گئی ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ انہیں خدا کی طرف سے خصوصی تحفظ حاصل ہے۔ اِن لوگوں کو آسمانی مصیبتوں اور مخالفِ مسیح کے قہر سے محفوط رکھا گیا ہے ۔ یہ عظیم مصیبت کے دوران اپنے خاص مقاصد کو آزادی کے ساتھ سر انجام دے سکتے ہیں ۔ یہ پیشن گوئی کی گئی تھی کہ اسرائیل اپنے گناہوں سے توبہ کرے گا اور خدا کی طرف لوٹ آئےگا ( زکریاہ 12 باب 10آیت؛ رومیوں 11باب 25-27آیات) اور ایک طرح سے یہ 144،000 یہودی اسرائیل کے نجات پانے والے " پہلے پھل " معلوم ہوتے ہیں ہے ۔ ایسا لگتا ہے کہ ان لوگوں کا خاص مقصد کلیسیا کے اُٹھائے جانےکے بعد کی دُنیا میں منادی کرنا اور عظیم مصیبت کے دوران انجیل کی بشارت دینا ہے ۔ اِن کی منادی کے نتیجے میں "ہر ایک قوم اور قبیلہ اور اُمت اور اہلِ زبان کی ایک ایسی بڑی بھیڑ جسے کوئی شمار نہیں کر سکتا ہے "( مکاشفہ 7باب 9آیت) مسیح پر ایمان لائی گی ۔

ایک لاکھ چوالیس ہزار منتخب لوگوں کے بارے میں پیدا ہونے والی بڑی پریشانی یہوواہ کے گواہوں کی غلط تعلیمات کا نتیجہ ہے ۔ یہوواہ کے گواہ دعویٰ کرتے ہیں کہ ایسے لوگ جو آسمان پر خُداوند کے ساتھ بادشاہی کریں گے اور ہمیشہ تک خُداوند کے ساتھ رہیں گے اُن کی تعداد صرف ایک لاکھ چوالیس ہزار تک محدود کر دی گئی ہے۔ یہوواہ کے گواہوں کے مطابق یہ ایک لاکھ چوالیس ہزار لوگ " آسمانی بادشاہی میں داخل ہونے کی اُمید "رکھتے ہیں ۔ جبکہ ایسے لوگ جو ایک لاکھ چوالیس ہزار میں شامل نہیں وہ یہواہ کے گواہوں کے مطابق " زمینی بادشاہی " کے وارث ہوں گے یعنی زمین پر موجودبہشتی بادشاہی جو مسیح اور ایک لاکھ چوالیس ہزار منتخب لوگوں کے ماتحت ہوگی ۔ یہ سچ ہےکہ ہزار سالہ بادشاہی میں لوگ مسیح کے ساتھ بادشاہی کریں گے۔ اِن لوگوں میں کلیسیا (مسیح پر ایمان لانے والے مقدسین،1کرنتھیوں 6باب 2آیت )، پُرانے عہد نامے کے مقدسین (وہ ایماندار جو یسوع کی پہلی آمد سے پہلے مر گئے تھے ، دانی ایل 7باب 27آیت ) اور عظیم مصیبت کے دور کے مقدسین (وہ لوگ جو عظیم مصیبت کے دور میں مسیح کو قبول کریں گے(مکاشفہ 20باب 4آیت) شامل ہونگے۔تاہم بائبل اِن لوگوں کی کوئی حتمی اور مخصوص تعداد بیان نہیں کرتی ۔ نیز ایک ہزار سالہ بادشاہت کا دور ابدی بادشاہت کے دور سے مختلف ہےکیونکہ ابدی بادشاہت کا دور ہزار سالہ بادشاہی کے دور کے پورے ہونے کے بعد شروع ہو گا ۔ اُس وقت خُدا نئے یروشلیم میں ہمارے ساتھ ہو گا۔ وہ ہمارا خُدا ہو گا اور ہم اُس کے لوگ ہوں گے (مکاشفہ 21باب 3آیت)۔ ہم مسیح میں وعدہ کی گئی اور رُوح القدس کی طرف سے مُہر کردہ میراث کے وارث ہوں گے اور اس طرح ہم مسیح کے ساتھ ہم میراث ٹھہریں گے ( رومیوں 8باب 17 آیت)۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

ایک لاکھ چوالیس ہزار (144,000)کون ہیں؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries