settings icon
share icon
سوال

ایڈونٹ ازم کیا ہے ؟

video
جواب


لفظ ایڈونٹ کا عام مطلب ہے "آمدیا آنا"۔ بہت سے مسیحی کرسمس کی تیاری میں آمد کے ایام کی پیروی کرتے اوراُنہیں مناتے ہیں اور یوں وہ مسیح کے بچّے کی صورت میں مجسم ہو کر زمین پر آنے کی یادگاری مناتے ہیں ۔ مسیح کی مستقبل میں زمین پر واپسی کو اکثر دوسری بار آنا یا دوسری آمد کہا جاتا ہے۔



وسیع مفہوم میں کہا جائے تو کوئی بھی شخص جو مسیح کی واپسی کی اُمید رکھتاہے اسے ایڈونٹسٹ کہا جا سکتا ہے۔ تاہم ایڈونٹسٹ کی اصطلاح عموماً اُن لوگوں یا گروہوں کے لیے مخصوص ہے جو مسیح کے کسی بھی لمحے واپس آنے کی توقع رکھتے ہیں یا جو کم از کم اس امکان کو قبول کرتے ہیں۔ تاہم وہ لوگ جو ہزار سالہ بادشاہی کے بعد مسیح کی آمد کے حامی ہیں اور وہ لوگ جو عظیم مصیبت کے بعد کلیسیا کے اُٹھائے جانے پر ایمان رکھتے ہیں اس زمرے میں نہیں آتے؛ بلکہ اس زمرے میں وہ لوگ آتے ہیں جو عظیم مصیبت سے پہلے کلیسیا کے اُٹھائے جانے پر ایمان رکھتے ہیں۔ (اس لحاظ سے،حتیٰ کہ Got Questions کوبھی ایڈونٹسٹ گروپ خیال کیا جا سکتا ہے ۔)

اگرچہ کلیسیا کا اُٹھا یا جانا دوسری آمد کا ہم معنی نہیں لیکن اسے دوسری آمد کے "افتتاحی عمل"کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔علمِ الہیات کے وسیع مفہوم سے ہٹ کر، جس کا مسیحیوں کی ایک بڑی تعداد پر اطلاق کیا جا سکتا ہے سے گذشتہ سالوں کے دوران کچھ گروہوں کو ایڈونٹسٹ کہا جاتا رہا ہے۔

بطور تحریک ایڈونٹ ازم کی ابتداکا سہرا اکثر ولیم ملر نامی ایک پاسٹر کے سر جاتا ہے جس نے پیشین گوئی کی تھی کہ خُداوند یسوع مسیح 1843 یا 1844 میں کسی وقت واپس آئے گا ۔ ملر پر بھروسہ کرتے ہوئے اس کے پیروکار معاشرے سے الگ ہو گئے اور مسیح کی دوسری آمدکا انتظار کرنے لگے۔ چونکہ اُس پیشن گوئی کے مطابق یسوع کی آمدِ ثانی نہیں ہوئی تھی، لہذا اِس واقعے کے نتیجے کو 1844کی عظیم مایوسی/Great Disappointment کے طور پر پیش کیا جاتا ہے ۔ جب خداوند یسوع اُس مخصوص دن پر واپس نہ آیا جس کے بارے میں ملر نے پیشین گوئی کی تھی کہ وہ آئے گا تو زیادہ تر ملرائٹس یعنی اُس کے پیروکار اپنے معمول کی زندگی کی طرف لوٹ گئے۔ ملر اس بات کا اعتراف کرتے ہوئے کہ اُس نے مسیح کی آمد کے متعلق حساب کتاب میں کچھ غلطیاں کی ہیں مسیح کی واپسی پر پھر بھی اپنے اعتماد کا اظہار کرتا رہا ۔ آج کل دو بڑے گروہ موجود ہیں جن کے ناموں میں "ایڈونٹ"یا "ایڈونٹسٹ" کا لفظ پایا جاتاہے۔

سیونتھ ڈے ایڈونٹسٹ عقیدے کے پیروکاربراہ راست ولیم ملر کے علمِ الہیات کے تعلیمی سلسلے کا نتیجہ تھے جسے ایلن جی وائٹ نے اپنی تعلیمات کے ذریعے وسعت دی تھی ۔

سیونتھ ڈے ایڈونٹ ازم میں بہت سے عقائدی مسائل پائے جاتے ہیں لیکن "سیونتھ ڈے ایڈونٹسٹ"کا نام ان کے علمِ الہیات کے دو حصوں کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ وہ ساتویں دن (ہفتے کے دن ) کو سبت کے طور پر مناتے ہیں اور وہ خداوند یسوع کے کسی بھی وقت واپس آجانے کی اُمید رکھتے ہیں ۔ یہ وہ ایڈونٹسٹ ہیں جو ساتویں دن عبادت کرنے کی پابندی کرتے ہیں۔

ایڈونٹ کرسچن چرچ ایک اور اہم ادارہ ہے جس کے نام میں "ایڈونٹ"آتا ہے۔ بعض اوقات وہ خود کو "فرسٹ ڈے ایڈونٹسٹ"(ہفتے کے پہلے دن، یعنی اتوار کو ماننے والے) کہتے ہیں۔ ایڈونٹ کرسچن چرچ اور سیونتھ ڈے ایڈونٹسٹ کے درمیان کچھ اہم فرق ہیں حالانکہ دونوں کے آغاز کے متعلق کھوج لگائیں تو یہ ولیم ملر سے جا ملتی ہے۔ ایڈونٹ کرسچن چرچ عام طور پر راسخ العقیدہ ہیں ماسوا ئے اس کے کہ وہ "رُوح کے سو جانے"کی تعلیم دیتے ہیں جس کا مطلب ہے کہ جب کوئی شخص مرتا ہے تو وہ مسیح کی واپسی تک لاشعوری میں"سوتا" رہتا ہے، دوسرے الفاظ میں دوسری آمد کے موقع پر روح کےمُردوں میں سے جی اُٹھے بد ن کے ساتھ دوبارہ مل نہ جانے تک یا غیر ایمانداروں کے معاملے میں عدالت کے لیے زندہ کئے جانے تک اُسے شعوری طور پر کسی بات کا علم نہیں ہوتا ۔ یہ ایک غلط عقیدہ ہے کیونکہ کلامِ مقدس سکھاتا ہے کہ ایماندار کے لیے بدن سے جُدا ہونا خُداوند کے حضور حاضر ہونا ہے (فلپیوں1باب 23آیت)۔

ایڈونٹ کرسچن چرچ کے ساتھ ایک اور مسئلہ نجات کے ذرائعے کے بارے میں وضاحت ہے۔ چونکہ نہ تو ان کے اقرارالایمان اور نہ ہی اصولوں کے اعلان (ان کے عقیدے کے بیان کی وضاحت) میں "ایمان کے وسیلے راستباز ٹھہرائے "جانے کا واضح بیان پایا جاتا ہے اس لیے ایڈونٹ کرسچن چرچ کے اندر کچھ ایسے لوگوں کا ملنا عام بات ہے جو نجات کے لیے صرف مسیح پر یقین رکھتے ہیں اور باقی جو ایمان اور اعمال پر مبنی کسی تعلیمی مجموعے کی پیروی کر رہے ہیں۔ (یہی بات اُن بہت سی کلیسیاؤں کے بارے میں بھی کہی جاسکتی ہے جن کے پاس ایمان کے وسیلے راستباز ٹھہرائے جانے کے بارے میں واضح دلیل ہے!) ان دو بڑے گروہوں کے علاوہ بہت سے چھوٹے ایڈونٹسٹ گروہ بھی ہیں۔

حتمی نتیجے کے مطابق تمام ایڈونٹسٹ باہمی طور پر مسیح کی عنقریب واپسی کی توقع رکھتے ہیں۔ اس عقیدے کے علاوہ ایسے بہت سارے اختلافات ہیں جن کا الگ سے جائزہ لینےاور جانچنے کی ضرورت ہے۔ اگرچہ بائبل مقدس ہمیں کسی بھی وقت مسیح کی واپسی کی توقع رکھنے کی تعلیم دیتی ہے لیکن تاریخیں مقرر کرنا اور خاص پیشین گوئیاں کرنا ہمیشہ غیر بائبل عمل ہے (دیکھیں متی 24باب 36آیت)۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

ایڈونٹ ازم کیا ہے ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries