settings icon
share icon
سوال

ناقابلِ معافی گناہ کونسا ہے؟

جواب


نا قابلِ معافی گناہ یا "رُوح القدس کے خلاف کفر بکنے کے گناہ" کا ذکر مرقس3 باب 22- 30 آیات اور متی 12باب 22-32 آیات میں کیا گیا ہے۔ یسوع نے فرمایا، "مَیں تم سے سچ کہتا ہوں کہ بنی آدم کے سب گناہ اور جتنا کُفر وہ بکتے ہیں معاف کیا جائے گا (28آیت)۔ لیکن پھر اُس نے مزید کہا کہ "لیکن جو کوئی رُوح القدس کے حق میں کفر بکے وہ ابد تک معافی نہ پائے گا بلکہ ابدی گناہ کا قصوروار ہے" (29آیت)۔

یسوع کے مطابق، ناقابلِ معافی گناہ ایک منفرد گناہ ہے۔ یہ واحد گناہ ہے جو کبھی معاف نہیں کیا جائے گا (متی 12باب 32 آیت میں موجود "نہ اِس عالم میں نہ آنے والے عالم میں" کے معنی ہیں"کبھی نہیں")۔ نا قابلِ معافی گناہ دُنیا میں مسیح کے وسیلہ سے رُوح کی خدمت کے سیاق و سباق میں رُوح القدس کے خلاف کفر بکنا (گستاخی/ بے حرمتی کرنا) ہے۔ دوسرے الفاظ میں، بے حرمتی کا خاص معاملہ متی12 باب اور مرقس3 باب میں دیکھا جا سکتا ہے جو کہ منفرد ہے۔ مجرم جماعت، فریسیوں کے ایک گروہ نے اِس بات کے نا قابلِ تردید ثبوت دیکھے تھے کہ یسوع رُوح القدس کی قدرت سے معجزات کر رہا تھا، پھر بھی اُنہوں نے دعویٰ کیا کہ یسوع بدرُوحوں کے سردار بعلزبول کے قبضہ میں ہے (متی 12باب 24آیت؛ مرقس 3باب 30 آیت)۔

یسوع مسیح کے دور کے یہودی رہنما یسوع مسیح پر (جب وہ بطورِ انسان اِس زمین پر تھا) بدرُوح گرفتہ ہونے کا الزام لگاتے ہوئے ناقابلِ معافی گناہ کے مرتکب ہوئے۔ ایسے عمل کے لئے اُن کے پاس کوئی جواز نہیں تھا۔ وہ جہالت یا غلط فہمی سے باہر ہو کر بات نہیں کر رہے تھے۔ فریسی جانتے تھے کہ یسوع اسرائیل کو نجات دینے کے لئے خُدا کی طرف سے بھیجا گیا مسیح ہے۔ وہ پیشن گوئیوں کے پورا ہونے سے واقف تھے۔ اُنہوں نے یسوع مسیح کے عجیب کام دیکھے، اور اُنہوں نے سچائی کے واضح اظہار کو اپنے کانوں سے سُنا تھا۔پھر بھی اُنہوں نے دانستہ طور پر سچائی کوردّ کرنے اور رُوح القدس پر تہمت لگانے کا انتخاب کیا۔ دُنیا کے نُور کے سامنے کھڑے ہوتے ہوئے، اور اُس کے جلال میں غسل لیتے ہوئے بھی اُنہوں نے اپنی آنکھوں کو بند کیا اور جان بُوجھ کر اندھے بن گئے۔ یسوع نے اِس کو ناقابلِ معافی گناہ قرار دیا۔

رُوح القدس کے خلاف کُفر کو ، جیسا کہ فریسیوں کی صورتحال میں دیکھا جا سکتا ہے، موجودہ دور میں نقل نہیں کیا جا سکتا۔ یسوع مسیح زمین پر نہیں ہے، اور کوئی بھی یسوع کوذاتی طور پر معجزات کرتے نہیں دیکھ سکتا، اور پھر اِس قدرت کو رُوح القدس کی بجائے شیطان کے ساتھ منسوب نہیں کرسکتا۔ موجودہ دور میں ناقابلِ معافی گناہ بے ایمانی کو مسلسل جاری رکھنا ہے۔ اُس شخص کے لئے کوئی معافی نہیں جو مسیح کو ردّ کرتے ہوئے مر جاتا ہے۔ رُوح القدس توبہ نہ کرنے والے لوگوں کو گناہ اور راستبازی اور عدالت کے بارے میں قصوروار ٹھہراتے ہوئے اِس دُنیا میں کام کر رہا ہے (یوحنا 16باب 8 آیت)۔ اگر کوئی شخص اِس تجویز کے خلاف مزاحمت کرتاہے اور توبہ نہیں کرتا تو وہ فردوس کی بجائے جہنم کا انتخاب کر رہا ہے۔ "اور بغیر ایمان کے اُس کو پسند آنا ناممکن ہے" (عبرانیوں11باب 6 آیت)، اور ایمان یسوع پر لانا ہو گا (اعمال16باب31 آیت)۔ ایسے کسی شخص کے لئے کوئی معافی نہیں جو یسوع پر ایمان لائے بغیر مر جاتا ہے۔

خُدا نے ہماری نجات کے لئے اپنا بیٹا بخش دیا ہے (یوحنا3باب16 آیت)۔ معافی صرف اور صرف مسیح یسوع میں پائی جاتی ہے (یوحنا 14باب 6آیت )۔ واحد منجی کو ردّ کرنا نجات سے محروم ہونا ہے، مسیح کو ردّ کرنا واضح طور پر نا قابلِ معافی گناہ ہے۔

بہت سے لوگ ڈرتے ہیں کہ اُنہوں نے کچھ ایسےگناہ کئے ہیں جن کو خُدا معاف نہیں کر سکتا یا معاف نہیں کرے گا، اور وہ محسوس کرتے ہیں کہ وہ جو کچھ بھی کر لیں اُن کے لئے کوئی اُمید باقی نہیں ہے۔ شیطان اِس بات سے زیادہ کسی اور بات کو پسند نہیں کرتا کہ لوگ غلط فہمیوں کا شکار رہیں۔ خُدا اُن گنہگاروں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے جن کو اپنے گناہوں کا احساس ہو جاتا ہے، "خُدا کے نزدیک جاؤ تو وہ تمہارے نزدیک آئے گا" (یعقوب4 باب 8 آیت)۔ "جہاں گناہ زیادہ ہوا وہاں فضل اُس سے بھی نہایت زیادہ ہوا" (رومیوں 5باب 20 آیت)۔ اور پولُس کی گواہی مثبت ثبوت ہے کہ خُدا اُن سب کو نجات دے سکتا اور دے گا جو ایمان کے وسیلہ سے اُس کے پاس آتے ہیں (1تیمتھیس 1باب12- 17آیات )۔ اگر آپ احساسِ گناہ کے بوجھ کے نیچے اذیت سہہ رہے ہیں، تو یقین کریں کہ آپ نے نا قابلِ معافی گناہ نہیں کیا۔ خُدا کھُلے بازوؤں کے ساتھ آپ کا انتظار کر رہا ہے۔ یسوع کا یہ وعدہ ہے کہ "جو اُس کے وسیلہ سے خُدا کے پاس آتے ہیں وہ اُنہیں پُوری پُوری نجات دے سکتا ہے" (عبرانیوں7 باب 25آیت)۔ ہمارا خُداوند کبھی ناکام نہیں ہو گا۔ "دیکھو خُدا میری نجات ہے۔ مَیں اُس پر توکّل کروں گا اور نہ ڈرُوں گا کیونکہ یاہ یہوواہ میرا زور اور میرا سرُود ہے اور وہ میری نجات ہوا ہے" (یسعیاہ12 باب 2 آیت)۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

ناقابلِ معافی گناہ کونسا ہے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries