settings icon
share icon
سوال

کیا ہم سب نے آدم اور حوؔا سے گناہ وراثت میں پایا ہے؟

جواب


جی ہاں، تمام لوگوں نے آدم اور حوؔا سے ، بالخصوص آدم سے گناہ وراثت میں پایا۔ بائبل میں گناہ کو خُدا کی شریعت کی مخالفت (1یوحنا3 باب 4آیت) اور خُدا کے خلاف بغاوت کے طور پر بیان کیا گیا ہے (اِستثنا 9باب 7 آیت، یشوع1 باب 18 آیت)۔ پیدائش تیسرا باب خُدا اور اُسکے حکم کے خلاف آدم اور حوؔا کی بغاوت کو بیان کرتا ہے۔ آدم اور حوؔا کی نافرمانی کی وجہ سے گناہ اُن کی تمام نسلوں کےلئے "وراثت " بن گیا۔ رومیوں5باب 12 آیت ہمیں بتاتی ہے کہ ایک آدمی یعنی آدم کے سبب سے گناہ دُنیا میں آیا اور گناہ کے سبب سے موت آئی اور یُوں موت سب آدمیوں میں پھیل گئی اِس لئے کہ سب نے گناہ کیا۔ یہ ایک نسل سے دوسری نسل میں منتقل ہونے والا گناہ موروثی گناہ کے طور پر جانا جاتا ہے۔ جیسے ہم اپنے والدین سے جسمانی خصوصیات وراثت میں پاتے ہیں، ویسے ہی ہم اپنی گناہ آلود فطرت آدم سے وراثت میں حاصل کرتے ہیں۔

آدم اور حوؔا کو خُدا کی صورت و شبیہ پر بنایا گیا تھا (پیدائش1 باب26-27 آیات اور 9باب 6 آیت)۔ ہم سب بھی آدم کی صورت اور اُس کی شبیہ پر ہیں (پیدائش 5باب 3 آیت)۔ جب آدم گناہ میں گرا، تو نتیجہ یہ نکلا کہ اُس کی نسل کا ہر شخص بھی گناہ سے "مثاثر" ہوا۔ داؤد اپنے مزامیر میں سے ایک میں اِس حقیقت پر نوحہ کرتا ہے، "دیکھ! مَیں نے بدی میں صورت پکڑی اور مَیں گناہ کی حالت میں ماں کے پیٹ میں پڑا" (51زبور 5 آیت)۔ اِس کا یہ مطلب نہیں کہ اُس کی ماں نے اُس کو ناجائز اولاد کے طور پر پیدا کیا تھا، بلکہ اُس کی ماں نے اپنے والدین سے گناہ کی فطرت کو وراثت میں حاصل کیا، اور اُنہوں نے اپنے والدین سے۔ داؤد نے اپنے والدین سے گناہ وراثت میں پایا، جیسے ہم سب اپنے والدین سے پاتے ہیں۔ یہاں تک کہ اگر ہم ممکنہ طور پر بہترین زندگی بھی گزارتے ہیں تو بھی موروثی گناہ کے نتیجہ کے طور پر گنہگار ہی ہیں ۔

گنہگار پیدا ہونے کے نتائج کے طور پر یہ بات ایک اہم حقیقت ہے کہ ہم سب گناہ کرتے ہیں۔ رومیوں 5باب 12 آیت میں بتدریج عمل پر غور کریں: گناہ آدم کے سبب سے دُنیا میں داخل ہوا، اور گناہ کے نتیجے میں موت پیدا ہوئی، اور موت سب آدمیوں میں پھیل گئی، سب لوگ گناہ کرتے ہیں کیونکہ وہ آدم سے گناہ وراثت میں پاتے ہیں۔ کیونکہ "سب نے گناہ کیا اور خُدا کے جلال سے محروم ہیں" (رومیوں3باب 23 آیت)، ہمیں اپنے گناہ دھونے کے لئے ایک کامل اور بے گناہ قربانی کی ضرورت ہے، اور یہ کام ہم خود سے کرنے سے قاصر ہیں۔ شکر ہے، یسوع مسیح گناہ سے نجات دیتا ہے! ہمارے گناہ کو یسوع کی صلیب پر مصلوب کر دیا گیا ہے، اور اب "ہم کو اُس میں اُس کے خون کے وسیلہ سے مخلصی یعنی قصوروں کی معافی اُس کے اُس فضل کی دولت کے موافق حاصل ہے" (افسیوں1 باب 7آیت)۔ خُدا نے اپنی لامحدود حکمت میں گناہ کے لئے علاج مہیا کر دیا ہے جو ہم میراث میں پاتے ہیں، اور یہ علاج ہر ایک کے لئے میسر ہے، "پس اے بھائیو! تمہیں معلوم ہو کہ اُسی کے وسیلہ سے تم کو گناہوں کی معافی کی خبر دی جاتی ہے" (اعمال13 باب 38 آیت)۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

کیا ہم سب نے آدم اور حوؔا سے گناہ وراثت میں پایا ہے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries