settings icon
share icon
سوال

خاندان میں شوہر اور بیوی کے اہم کردار /فرائض کیا ہیں؟

جواب


مسیح کے ساتھ رفاقت کے لحاظ سے اگرچہ مرد اور عورتیں برابر ہیں لیکن شادی شُدہ زندگی کے حوالے سے کلامِ مقدس ہر ایک کے مخصوص کردارکےمتعلق آگاہی اور رہنمائی پیش کرتا ہے۔ گھر کی قیادت شوہر کے ذمے ہوتی ہے (1کرنتھیوں11باب 3آیت ؛ افسیوں 5باب 23آیت )۔ یہ قیادت آمرانہ، متکبرانہ یا بیوی کے خلاف ہونے کی بجائے مسیح کی طرف سے کلیسیا کی قیادت کی مثال کے مطابق ہونی چاہیے "اے شوہرو! اپنی بیویوں سے محبت رکھو جیسے مسیح نے بھی کلیسیا سے محبت کر کے اپنے آپ کو اُس کے واسطے موت کے حوالہ کر دیا۔ تاکہ اُس کو کلام کے ساتھ پانی سے غُسل دے کر اور صاف کر کے مُقدس بنائے" (افسیوں 5 باب 25 - 26آیات )۔ مسیح نے کلیسیا (اپنے لوگوں)سے شفقت ، مہربانی ، معافی اور احترام کی بنیاد پر بے لوث محبت کی ہے ۔ شوہروں کوبھی چاہیے کہ وہ اپنی بیویوں سے ایسی ہی محبت کریں ۔

بیویوں کو چاہیے کہ وہ اپنے شوہروں کے اختیار کو مانیں ۔ "اے بیویو! اپنے شوہروں کی ایسی تابع رہو جیسے خُداوند کی۔ کیونکہ شوہر بیوی کا سر ہے جیسے کہ مسیح کلیسیا کا سر ہے اور وہ خود بدن کا بچانے والا ہے۔ لیکن جیسے کلیسیا مسیح کے تابع ہے ویسے ہی بیویاں بھی ہر بات میں اپنے شوہروں کے تابع ہوں"(افسیوں5باب 22-24آیات )۔ اگرچہ بیویوں کو اپنے شوہروں کے تابع ہونا چاہیے لیکن دوسرے جانب بائبل شوہروں کو بار بار بتاتی ہے کہ اُنہیں اپنی بیویوں کے ساتھ کیسا سلوک کرنا چاہیے۔ شوہر کو آمر حکمران کا کردار ادا نہیں کرنا چاہیے بلکہ اُسے اپنی بیوی اور اُس کی رائے کا احترام کرنا چاہیے۔ درحقیقت افسیوں 5باب 28- 29آیات مردوں کو اپنی بیویوں سے اُسی طرح محبت کرنے کی نصیحت کرتی ہیں جیسے وہ اپنے بدنوں کو پالنے اور اُن کی پرورش کرنے میں اُن سے محبت کرتے ہیں۔ شوہر کی اپنی بیوی کے لئے بالکل ایسی ہی محبت ہونی چاہیے جیسی مسیح کی اُس کے بدن یعنی کلیسیا کے لئے محبت ہے۔

"اے بیویو! جیسا خُداوند میں مُناسب ہے اپنے شوہروں کے تابع رہو۔ اے شوہرو! اپنی بیویوں سے محبت رکھو اور اُن سے تلخ مزاجی نہ کرو"(کلسیوں 3باب 18- 19آیات )۔ "اے شوہرو! تُم بھی بیویوں کے ساتھ عقل مندی سے بسر کرو اور عورت کو نازک ظرف جان کر اُس کی عزت کرو اور یُوں سمجھو کہ ہم دونوں زندگی کی نعمت کے وارث ہیں تاکہ تُمہاری دُعائیں رُک نہ جائیں"(پہلا پطرس 3 باب 7آیت)۔ اِن آیات میں ہم دیکھتے ہیں کہ محبت اور احترام شوہروں اور بیویوں دونوں کے کردار کی اہم خصوصیات ہیں۔ اگر رشتے میں یہ دونوں چیزیں موجود ہوں تو پھر اختیار، قیادت، محبت اور تابعداری کی وجہ سے دونوں شریکِ حیات میں سے کسی کو بھی کوئی مسئلہ نہیں ہو گا۔

گھر میں ذمہ داریوں کی تقسیم کے حوالے سے بائبل شوہروں کو ہدایت کرتی ہے کہ وہ اپنے خاندان کی ضروریات پوری کریں ۔ اِس کا مطلب یہ ہے کہ وہ کام کریں تاکہ اپنی بیوی اور بچّوں کی تمام ضروریاتِ زندگی کو مناسب طور پر پورا کرنے کے لئے مناسب رقم کماسکیں ۔ ایسا کرنے میں ناکام ہونے کے واضح رُوحانی نتائج سامنے آتے ہیں۔ "اگر کوئی اپنوں اور خاص کر اپنے گھرانے کی خبرگیری نہ کرے تو ایمان کا منکر اور بے ایمان سے بدتر ہے" (1تیمتھیس 5باب 8آیت)۔ لہذا جو شخص اپنے گھرانے کی ضروریات کو پورا کرنے کی کوشش نہیں کرتا وہ مسیحی ہونے کا سچا دعویٰ نہیں کر سکتا۔ اِس سے یہ مراد نہیں ہے کہ بیوی گھرانے کی کفالت میں شوہر کی مدد نہیں کر سکتی امثال 31 باب بیان کرتا ہے کہ ایک خُدا ترس بیوی ایسا کر سکتی ہے لیکن گھرانے کی ضروریات کو پورا کرنا اصل میں اُس کی ذمہ داری نہیں ہےکیونکہ یہ اُس کے شوہر کی ذمہ داری ہے۔ اگرچہ شوہر کو بچّوں اور گھریلو کاموں میں مدد کرنی چاہیے (اس کے ذریعے سے وہ اپنی بیوی سے محبت کرنے کا فرض اداکر سکتا ہے ) لیکن امثال 31 باب یہ بھی واضح کرتا ہے کہ بنیادی طور پر گھر عورت کے اثر ورسوخ اور ذمہ داریوں کی جگہ ہے۔ تاہم اپنے گھرانے کی بہتر دیکھ بھال کےلیے اُسکے لیے رات کو دیر تک جاگنا اور صبح کو جلد اُٹھنا ضروری ہوتا ہے ۔ خصوصی طور پر امیر مغربی ممالک میں بہت سی عورتوں کے لئے یہ ایک آسان طرزِ زندگی نہیں ہے ۔ ایسے حالات میں بہت سی عورتیں دباؤ کا شکار ہو جاتی ہیں اور بات رشتہِ ازدواج کے ٹوٹنے تک پہنچ جاتی ہے ۔ ایسے دباؤ سے بچنے کے لئے شوہر اور بیوی دونوں کو چاہیے کہ وہ دُعا کے ساتھ اپنی ترجیحات کو دوبارہ ترتیب دیں اور اپنے کردار سے متعلق بائبل کی ہدایات کی پیروی کریں۔

شادی شدہ زندگی میں محنت ومشقت کی تقسیم کے حوالے سے تنازعات کا ہونا لازمی ہے لیکن اگر دونوں ساتھی خود کو مسیح کے تابع کرتے ہیں تو یہ تنازعات کافی کم ہو جائیں گے۔ اگر کسی جوڑے کو اِس مسئلے کے حوالے سے بار بار اور شدید جذباتی بحث و تکرار کاسامنا ہو یا اگر ایسا لگے کہ اِس تکرار کا تعلق ازدواجی زندگی سے ہے تو یقینا یہ ایک رُوحانی مسئلہ ہے۔ ایسی حالت میں میاں بیوی کو چاہیے کہ وہ سب سے پہلے خود کو دُعا اور مسیح کی تابعداری سے وابستہ کریں اور پھر محبت اور احترام کے رویے کے ساتھ ایک دوسرے کی تابعداری اختیار کریں ۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

خاندان میں شوہر اور بیوی کے اہم کردار /فرائض کیا ہیں؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries