settings icon
share icon
سوال

چہل قدمی کی دُعا کیا ہے؟کیا چہل قدمی کرتے ہوئے دُعا کرنا بائبلی ہے؟

جواب


چہل قدمی کی دُعا کسی خاص جگہ پر دُعا کرنے کا ایک طریقہ کار ہے، یہ شفاعتی دُعا کی ایک قسم ہے جس میں کسی مخصوص جگہ پر یا اُس کے نزدیک چلتے پھرتے دُعا کرنا جانا شامل ہے ۔ بعض لوگوں کا ایمان ہے کہ کسی خاص مقام کے قریب ہونے سے اُنہیں اُس مقام یا وہاں کی چیزوں یا لوگوں کے لیے واضح طور پر دُعا کرنے میں مدد ملتی ہے، وہ مانتے ہیں کہ "جتنےکسی شخص یا مقام کے قریب، اُتنی واضح دُعا"۔ چہل قدمی کی دُعا انفرادی طور پر، گروہوں میں، اورحتیٰ کہ کلیسیائی سطح پر بھی ہو سکتی ہے۔ ایسی دُعا کرتے ہوئے چہل قدمی کا دورانیہ چند گلیوں کی مسافت یا پھر کئی میلوں کی مسافت تک کا بھی ہو سکتا ہے۔ یہاں پر یہ تصور پیش کیا جاتا ہے کہ شفاعت کرنے والا شخص جب اپنے حواسِ خمسہ یعنی دیکھنے، سُننے، سونگنے، چکھنے، اور چھونے کے حواس کو استعمال کرتا ہے تو اُسے اُن ضروریات کی زیادہ سمجھ آتی ہے جن کے لیے اُس نے دُعا کرنی ہوتی ہے۔

مثال کے طور پر، اگر آپ اپنے پڑوس سے یہ دیکھنے کے لیے چلتے ہیں کہ آپ کو کن چیزوں کے لیے دُعا کرنی ہے تو شاید چند قدم چلنے کے بعد ہی آپکو کسی کا صحن نظر آئے جو بہت زیادہ بے ترتیب ہو اور جس میں بہت زیادہ گند ہوتو شاید اِس سے آپ کو اُس گھر کے اندر رہنے والے لوگوں کی جسمانی اور رُوحانی صحت کے لیے دُعا کرنے کی تحریک ملے۔ کسی سکول کے چوگرد یا نزدیک کسی شخص یا کچھ گروہوں کی چہل قدمی کی دُعا شاید اُن کو یہ تحریک دے کہ وہ اندر موجود اساتذہ اور طالبعلموں کی محافظت ، سلامتی ، اور سکول میں ابلیس کے منصوبوں کی ناکامی کے لئے دُعا کریں۔ بعض لوگ سمجھتے ہیں کہ جب وہ کسی خاص مقام کے قریب چل پھر رہے ہوتے ہیں تو وہ اُن سب چیزوں پر زیادہ توجہ دے سکتے ہیں جن کے لیے اُنہوں نے دُعا کرنی ہے اور یوں وہ زیادہ موثر طریقے سے دُعا کر سکتے ہیں۔

چہل قدمی کی دُعا نسبتاً ایک نیا رجحان ہے جس کی ابتدا کے حوالے سے ہمارے پاس کوئی واضح معلومات نہیں ہیں۔ چہل قدمی کی دُعا کے لئے بائبل میں کوئی مثال نہیں ملتی، اگرچہ پیدل چلنا بائبل کے دور میں نقل و حرکت کا ایک اہم طریقہ کار تھا، اِس لئے لوگ چلتے چلتے دُعا کرتے ہوں گے۔ تاہم براہ راست کوئی حکم نہیں تھا کہ چہل قدمی کی دُعا لازمی ہے۔ یہ ایمان رکھنا کتاب مقدس کے مطابق نہیں ہے کہ کسی مخصوص ترتیب یا کسی مخصوص انداز میں دُعا کرنا کسی اور وقت پر یا کسی اور انداز میں دُعا کرنے سے زیادہ موثر ہوتا ہے۔ اِس کے علاوہ، جب ہم یہ سمجھتے ہیں کہ زیادہ واضح دُعا کے لئے ہمیں کسی جگہ کے قریب یا کسی مخصوص حالت میں دُعا کرنے کی ضرورت ہے توہمیں یہ بھی سمجھنا چاہیے کہ ہمارا آسمانی باپ جو ہر وقت ہر جگہ پر موجود ہے وہ جانتا ہے کہ ہماری ضروریات کیا ہیں اور وہ اپنی کامل مرضی سے درُست وقت پر ہماری دُعاؤں کا جواب دے گا۔ یہ حقیقت ہے کہ وہ ہمیں ہماری دُعاؤں کے وسیلہ سے اپنے منصوبوں کا حصہ بننے کی اجازت دیتا ہے اور یہ بھی ہمارے فائدے کے لئے ہے نہ کہ اُس کے فائدے کے لئے ۔

ہمیں "بلا ناغہ دُعا" کرنے کا حکم دیا گیا ہے (1 تھسلُنیکیوں 5باب 17 آیت)، اور چونکہ چلنا پھرنا ایسی چیز ہے جو ہم روزانہ کرتے ہیں، اِس لئے یقینی طور پر بلاناغہ دُعا کرنے کا حصہ چہل قدمی کی دُعا بھی ہو سکتی ہے۔ خُدا وہ تمام دُعائیں سُنتا ہے جوکسی بھی وقت، کسی بھی جگہ، یا کسی بھی اندازسے مسیح میں کی جاتی ہیں (یوحنا15 باب 7 آیت)۔ اِس کے ساتھ ہی یقینی طور پر ایسا کوئی حکم بھی نہیں ہے جو چہل قدمی کی دُعا کے خلاف ہو۔ اور جو باتیں ہمیں دُعا کرنے کی تحریک دیتی ہیں اُن پر غور کرنا اچھی بات ہے۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

چہل قدمی کی دُعا کیا ہے؟کیا چہل قدمی کرتے ہوئے دُعا کرنا بائبلی ہے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries