settings icon
share icon
سوال

زمین کے قدیم ہونے کا نظریہ تخلیق کیا ہے ؟

جواب


براہِ مہربانی اِس بات کو نوٹ کر لیں کہ ایک منسٹری کے طور پر GotQuestions.org زمین کے کم عمر ہونے کے نظریے کی حامی ہے۔ ہم حقیقی اور مکمل طور پر یہ ایمان رکھتے ہیں کہ کم عمر زمین کی تخلیق کا نظریہ بائبل کے بیانات کے ساتھ سب سے بہتر طور پر ہم آہنگ ہوتا ہے۔ تاہم ہم اِس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ زمین کے قدیم ہونے کا نظریہ تخلیق بھی ایک جائز نقطہ نظر ہے جسے ایک مسیحی اپنا سکتا ہے۔ زمین کے قدیم ہونے کا نظریہ کسی بھی طور پر کوئی بدعتی تعلیم نہیں ہے اور کسی بھی لحاظ سے زمین کے قدیم ہونے کا نظریہ رکھنے والے لوگوں کو مسیح میں بہن یا بھائی ہونے کے لیے ترک نہیں کیا جانا چاہیے۔ ہم نے سوچا کہ ایک ایسا مضمون بھی شامل کیا جانا چاہیے جو زمین کے قدیم ہونے کے نظریہ تخلیق کو مثبت طور پر پیش کرے، کیونکہ یہ بات ہمیشہ ہی اچھی ہوتی ہے کہ ہمارے اپنے نقطہ نظر کو بھی کوئی چیز چیلنج کرتی ہو، جس کی وجہ سے ہم کلام کی مزید کھوج کرنے کی ترغیب پاتے ہیں تاکہ اِس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ آیا ہمارے عقائد بائبل مُقدس کے مطابق درست ہیں۔

زمین کے قدیم ہونے کا نظریہ Old Earth Creationism (OEC)ایک چھتری نما اصطلاح ہے جو بائبل کے مطابق نظریہ تخلیق کے اُن حامیوں کو بیان کرنے کے لیے استعمال کی جاتی ہےجو اِس بات سے انکار کرتے ہیں کہ کائنات کو 6000 سے 10000 سال قبل حقیقی چوبیس گھنٹوں کے چھ دِنوں میں نہیں تخلیق کیا گیا۔ بلکہ زمین کے قدیم ہونے کا نظریہ رکھنے والوں کا خیال ہے کہ خُدا نے کائنات اور اِس میں موجود ہر ایک چیز (بشمول حقیقی آدم اور حوّا) کو ایک اتنے طویل عرصے کے دوران تخلیق کیا ہے جس کی اجازت کم عمر دُنیا کی تخلیق کے حامی نہیں دیتے۔ قابلِ ذکر مسیحی رہنما جو زمین کے قدیم ہونے کے نظریے کی حمایت کرتے ہیں کافی زیادہ ہیں اور اُن کے ناموں کی فہرست کافی لمبی ہو سکتی ہے اور اُس فہرست میں ابھی بھی اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔ اُس فہرست کے اندر والٹر کیزر، نارمن گائزلر، ولیم ڈیمبسکی، جے۔ آئی۔ پیکر، جے۔ پی۔ مورلینڈ، فلپ ای جانسن اور چک کولسن جیسے لوگ شامل ہیں اور اِس کے علاوہ مرحوم فرانسس شیفر اور پرانے عہد نامے کے عالم گلیسن آرچر بھی اِسی فہرست میں شامل تھے۔

زمین کے قدیم ہونے کے نظریے کی حمایت کرنے والے نظریہ تخلیق کے حامی عام طور پر کائنات، بنی نو ع انسان اور اِس زمین کی عمر کے بارے میں سائنس کے مرکزی تخمینوں سے خوش ہوتے ہیں جبکہ اِس کے ساتھ ساتھ حیاتیاتی ارتقاء کے حوالے سے جدید ارتقائی نظریہ سازوں کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہیں۔ زمین کے قدیم ہونے کی حمایت کرنے والے اور زمین کے کم عمر ہونے کی حمایت کرنے والے بھائی کئی ایک اہم نکات پر آپس میں اتفاق کرتے ہیں جن میں مندرجہ ذیل نکات شامل ہیں:

1) ایک خاص وقت پر نیست میں سے ہست کےوسیلے خُدا کی طرف سے کائنات کی حقیقی تخلیق کی گئی۔

2) آدم کی زمین کی مٹی سے اور حوّا کی آدم کی پسلی سے حقیقی تخلیق اور پیدایش میں تخلیق کے بیانات کو لغوی معنوں میں تاریخی ماننا۔

3) ڈاروّن ازم کے حامیوں کے اِن دعوؤں کو مسترد کرنا کہ بے ترتیب تبادل اور فطری چناؤزندگی کی پیچیدگی کا مناسب جواب ہیں ۔

4) اِس دعوے کو مسترد کرنا کہ خُدا نے تخلیق کے لیے ارتقاء کو استعمال کیا تھا (یعنی الٰہیاتی ارتقاء کا نظریہ)۔ زمین کے کم عمر ہونے کے نظریے کے حامی اور زمین کے قدیم ہونے کے نظریے کے حامی دونوں ہی ارتقاء کی طرف سے بیان کردہ مشترکہ نسب کے نظریے کو واضح طور پر مسترد کرتے ہیں۔

تاہم قدیم زمین کے نظریے کے حامی مندرجہ ذیل نکات میں زمین کے کم عمر ہونے کے نظریے حامیوں سے اختلاف رکھتے ہیں۔

1) کائنات کی عمر۔ زمین کے کم عمر ہونے کے نظریے کے حامی ایمان رکھتے ہیں کہ خُدا نے قریباً 6000 سال سے لیکر 10000 سال پہلےاِس کائنات کو تخلیق کیا۔ زمین کے قدیم ہونے کے نظریے کو ماننے والے خیال کرتے ہیں کہ کائنات کو قریباً 13.5 ارب سال پہلے تخلیق کیا گیا تھا۔ اور اِس طرح وہ سائنس کے مرکزی تصور سے اتفاق کرتے ہیں۔

2) آدم اور حوّ ا کی تخلیق کا وقت ۔ کم عمر زمین کے نظریے کو ماننے والے یقین رکھتے ہیں کہ آدم اور حوّا کی تخلیق دس ہزار سال پہلےتک ہی ہوئی ہے ۔ زمین کے قدیم ہونے کا نظریہ رکھنے والے مانتے ہیں کہ آدم اور حوّا کی تخلیق 30,000 سال سے000 70,سال کے درمیان میں ہوئی ہے۔

تخلیق کے حوالے سے اِن دونوں نظریات کے درمیان تنازعہ عبرانی لفظ "یوم" کے معنی پر منحصر ہے جس کا مطلب "دِن " ہے۔ کم عمر زمین کے نظریے کے حامیوں کا اصرار ہے کہ پیدایش 1 اور 2 ابواب کے اندر یوم سے مُراد حقیقی 24 گھنٹوں کا دورانیہ ہے۔ زمین کے قدیم ہونے کے نظریے کے حامی اِس بات پر متفق نہیں ہیں اور اُن کا خیال ہے کہ لفظ یوم کا استعمال وقت کی ایک طویل مدت کو ظاہر کرنے کے لیے کیا جا سکتا ہے۔ قدیم زمین کے نظریے کے حامیوں نے بائبل میں سے بے شمار دلائل کو اپنے نقطہ نظر کے دفاع کے لیے استعمال کیا ہے جن میں سے کچھ درج ذیل ہیں:

1) لفظ یوم بائبل میں دیگر جگہوں پر بھی استعمال کیا جاتا ہے اور وہاں پر یہ طویل مُدت کا حوالہ پیش کرتا ہے، خاص طور پر 90 زبور 4 آیت میں جس کا حوالہ بعد میں پطرس رسول نے بھی دیا ہے :"خُداوند کے نزدِیک ایک دِن ہزار برس کے برابر ہے اور ہزار برس ایک دِن کے برابر " (2پطرس 3باب8 آیت)۔

2) ساتواں "دِن " ہزاروں سال طویل ہے۔ پیدایش 2باب 2-3 آیات بیان کرتی ہیں کہ "خُدا نے ساتویں "دن" (یوم) آرام کیا۔ کلام سکھاتا ہے کہ ہم ابھی تک "ساتویں" دن میں ہیں ۔ اِس لیے لفظ "دن" تخلیق کے چھ دِنوں کے تعلق سے ایک طویل مُدت کا حوالہ بھی دے سکتا ہے۔

3) پیدایش 1-2 ابواب کے اندر لفظ "دِن " 24 گھنٹے کے عرصے سے زیادہ لمبا ہے۔ پیدایش 2باب4 آیت کے اندر لکھا ہے کہ "یہ ہے آسمان اور زمین کی پَیدایش جب وہ خلق ہُوئے جس دِن خُداوند خُدا نے زمین اور آسمان کو بنایا۔ " اِس آیت میں لفظ "دِن" مجموعی طور پر پہلے چھ دِنوں کا ذکر کر رہا ہے اور اِس طرح اِس کا مطلب محض 24 گھنٹوں کی مدت سے زیادہ ہے۔

4) چھٹا " دِن" شاید 24 گھنٹے سے زیادہ طویل ہے۔ پیدایش 2باب19 آیت ہمیں بتاتی ہے کہ آدم نے سب انسانوں کا مشاہدہ کیا اور اُن کی ایک فہرست تیار کی ۔ حقیقت پسندی سے کام لیا جائے تو ایسا نہیں لگتا کہ آدم محض 24 گھنٹوں میں اتنا زیادہ کام کر پایا ہوگا۔

یقینی طور پر کم عمر زمین کے نظریے کے حامیوں اور قدیم زمین کے نظریے کے حامیوں کو تقسیم کرنے والے مسائل پیچیدہ بھی ہیں اور اہم بھی ہیں۔ تاہم اِس مسئلے کو صحیح العقیدہ ہونے کا امتحان نہیں بنایا جانا چاہیے ۔ اِس بحث کے دونوں اطراف خُدا کو ماننے والے مرد و خواتین موجود ہیں۔ آخری تجزیے میں تخلیق کے نظریے کے حامیوں یعنی کم عمر زمین اور قدیم زمین کے نظریات کے ماننے والوں کو پیدایش کی کتاب میں تخلیق کے بیانات کے تاریخی طور پر معتبر ہونے کے دفاع کے لیے ملکر کام کرنا چاہیے۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

زمین کے قدیم ہونے کا نظریہ تخلیق کیا ہے ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries