settings icon
share icon
سوال

مَیں کیا کروں کہ جہنم میں نہ جاؤں؟

جواب


جہنم میں جانے سے بچنا آپ کے تصور سے بھی کہیں زیادہ آسان ہے ۔ کچھ لوگوں کا ایمان ہے کہ اُنہیں جہنم میں جانے سے بچنے کےلیے اپنی پوری زندگی دس احکام پر عمل کرنا ہو گا۔ کچھ لوگ یقین رکھتے ہیں کہ اُنہیں جہنم میں جانے سے بچنے کےلیے خاص مذہبی رسومات و روایات کی پیروی کرنے کی ضرورت ہے ۔ جبکہ دیگر لوگوں کا ایمان ہے کہ ہم یقینی طور پر جان نہیں سکتے ہیں آیا ہم جہنم میں جانے سے بچیں گے یا نہیں ۔ ان میں سے کوئی بھی نقطہ نظر درست نہیں ہے ۔ تاہم بائبل اس بارے میں پوری طرح واضح ہے کہ کوئی انسان موت کے بعد جہنم میں جانے سے کیسے بچ سکتا ہے ۔


بائبل جہنم کو ایک ہیبت ناک اور خوفناک مقام کے طور بیان کرتی ہے ۔ جہنم " ہمیشہ کی آگ"( متی 25باب 41آیت)، " نہ بجھنے والی آگ" ( متی 3باب 12آیت)، " ابدی رُسوائی اور ذِلت" ( دانی ایل 12باب 2آیت)، ایک ایسی جگہ جہاں پر " آگ نہیں بجھتی" ( مرقس 9باب 44- 49آیات)، " عذاب " اور " آگ" کی جگہ ( لوقا 16باب 23-24آیات)،" ابدی ہلاکت" ( 2تھسلنیکیوں 1باب 9آیت) کے طور پر بیان کی جاتی ہے ۔ مکاشفہ 20باب 10آیت جہنم کو" آگ اور گندھک کی جھیل"جہاں پر شریر " رات دن ابُدالآباد عذاب میں رہیں گے " کے طور پر بیان کرتی ہے ۔ واقعی ہی جہنم ایک ایسی جگہ ہے جس سے ہمیں بچنا چاہیے ۔

مگر جہنم کیوں موجود ہے اور خدا کچھ لوگوں کو جہنم میں کیوں بھیجے گا ؟ بائبل ہمیں بتاتی ہے کہ خدا نے جہنم شیطان اور گرائے گئے فرشتوں کےلیے " تیار" کی تھی کیونکہ اُنہوں نے خدا کے خلاف سرکشی کی تھی ( متی 25باب 41آیت )۔ وہ لوگ جو خدا کی طرف سے معافی کی پیش کش کو مسترد کرتے ہیں اُنہیں اُسی ابدی عذاب میں ڈالا جائے گا جو شیطان اور گرائے گئے فرشتوں کا حتمی انجام اور مقدر ہے ۔ ابھی یہ سوال بھی پیدا ہوتا ہے کہ جہنم کی کیا ضرورت ہے ؟ تمام گناہ بنیادی طور پر خدا کے خلاف ہے (51زبور 4آیت) اور چونکہ خدا لامحدود اور ابدی ہے اِس لیے گناہ کی سزا کابھی لامحدود اور ابدی ہونا ضروری ہے ۔ جہنم وہ جگہ ہے جہاں پر خدا کے عدل و انصاف کے تقاضے پورے ہوں گے ۔ جہنم وہ جگہ ہے جہاں پر خدا گناہ اور اُن تمام لوگوں کو سزا دے گا جنہوں نے اُسے ردّ کیا ہے ۔ بائبل واضح طور پر بیان کرتی ہے کہ ہم سب نے گناہ کیا ہے ( واعظ 7باب 20آیت ؛ رومیوں 3باب 10- 20آیات)۔ پس اِس لحاظ سے دیکھیں تو ہم سب ہی جہنم میں جانے کے مستحق ہیں ۔

پس ہم جہنم میں جانے سے کیسے بچ سکتے ہیں ؟چونکہ گناہ لامحدود اور ابدی سزا کا تقاضا کرتا ہے لہذا اِس کے لیے لامحدود اور ابدی قیمت ادا کرنا لازمی ہے ۔ اِس قیمت کو ادا کرنے کےلیے خدا مسیح یسوع کی صورت میں انسان بنا ۔ مسیح یسوع کی ذات کی صورت میں خدا ہمارے درمیان رہا، ہمیں تعلیم اور شفا دی ۔مگر یہ تمام کام اُس کا اصل مقصد نہیں تھا ۔ خدا انسان بنا ( یوحنا 1باب 14،1آیات) تاکہ وہ ہماری خاطر مر سکے ۔ یسوع جو مجسم خدا تھا ہمارے لیے صلیب پر مواء۔ بطور خدا اُس کی موت لامحدود اور ابدی اہمیت رکھتی ہے جس نے ہمارے گناہوں کی مکمل قیمت ادا کر دی ہے ( 1یوحنا 2باب 2آیت)۔ خدا ہمیں دعوت دیتا ہے کہ ہم یسوع مسیح کی موت کو اپنے گناہوں کے مکمل کفارے کے طور قبول کرتے ہوئے یسوع مسیح کو اپنے نجات دہندہ کے طور پر قبول کریں ۔ خدا وعدہ کرتا ہے کہ جو بھی شخص یسوع پر ایمان لاتا(یوحنا3باب 16آیت) اور نجات دہندہ کے طور پر صرف اُسی پر توکل کرتا ہے ( یوحنا 14باب 6آیت) نجات پائے گا یعنی جہنم میں نہیں جائے گا۔

خدا نہیں چاہتا کہ کوئی بھی جہنم میں جائے( 2پطرس 3باب 9آیت)۔ یہی وجہ ہے خدا نے ہماری خاطر حتمی،کامل اور مکمل کفارہ ادا کیا ہے ۔ اگر آپ جہنم میں جانے سے بچنا چاہتے ہیں تو یسوع کو اپنے نجات دہندہ کے طور پر قبول کریں ۔ یہ بالکل آسان عمل ہے ۔ خدا کو بتائیں کہ آپ اِس حقیقت کو تسلیم کرتے ہیں کہ آپ گنہگار ہیں اور جہنم میں جانے کےمستحق ہیں ۔ خدا کے حضوراقرار کریں آپ یسوع مسیح پر اپنے شخصی نجات دہندہ کے طور پر ایمان رکھتے ہیں ۔اپنے آپ کو گناہ سے نجات اور جہنم سے مخلصی دینے کےلیے خدا کا شکر کریں۔ صرف یسوع مسیح پر ایمان لانا اور نجات دہندہ کے طور پر اُس پر توکل کرنا ہی وہ عمل ہے جس کے ذریعے آپ جہنم میں جانے سے بچ سکتے ہیں ۔

جو کچھ آپ نے یہاں پر پڑھا ہے کیا اُس کی روشنی میں آپ نے خُداوند یسوع کی پیروی میں چلنے کا فیصلہ کیا ہے؟اگر ایسا ہے تو براہِ مہربانی نیچے دئیے ہوئے اُس بٹن پر کلک کیجئےجس پر لکھا ہوا ہے کہ "آج مَیں نے مسیح کو قبول کرلیا ہے۔"

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

مَیں کیا کروں کہ جہنم میں نہ جاؤں؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries