settings icon
share icon
سوال

بائبل ایک مسیحی کے بحیثیت فوجی اپنے ملک کی خدمت کرنے کے بارے میں کیا کہتی ہے؟

جواب


بائبل کے اندر فوج میں خدمت کرنے کے بارے میں بے شمار معلومات پائی جاتی ہے ۔ اگرچہ فوج کے بارے میں بائبل کے بہت سے حوالہ جات محض تمثیلوں پر مشتمل ہیں مگر دیگر کئی آیات اِس سوال سے براہ راست تعلق رکھتی ہیں ۔ بائبل خصوصی طور پر یہ بیان نہیں کرتی کہ آیا کسی شخص کو فوج میں خدمت کرنی چاہیے یا نہیں کرنی چاہیے ۔ اِس کے ساتھ ساتھ مسیحی اِس حوالے سے پُر یقین ہو سکتے ہیں کہ ایک فوجی ہونا تمام صحائف میں بڑی قابلِ احترام بات کے طور پر پیش کیا گیا ہے اور مسیحی اِس بات کو بھی جان سکتے ہیں کہ ایسی خدمت بائبل کے نظریہِ حیات کے مطابق ہے ۔

فوجی خدمت سرانجام دینے کی پہلی مثال پرانے عہد نامے (پیدایش 14باب )میں ملتی ہے جب کِدر لاعمر جو عیلا م کا بادشاہ تھا اور اُس کے اتحادیوں نے ابرہام کے بھتیجے لوط کو اغوا کر لیا تھا۔ ابرہام نے خانہ زاد 318 تربیت یافتہ آدمیوں کو ساتھ لیا اور جا کر عیلامیوں کو شکست دے کر لوط کو آزاد کروایا ۔ یہاں ہم دیکھتے ہیں کہ مسلح افواج بے گناہ لوگوں کو بچانے اور اُن کی حفاظت کرنے کے ایک عظیم کام میں مشغول ہیں ۔

اسرائیلی قوم نے اپنی تاریخ کے اندر بہت بعد میں ایک مستقل فوج کو تیار کیا تھا ۔ یہ بات صاف ظاہر ہے کہ اسرائیلیوں کی فوجی قوت کے قطعِ نظر خدا اپنے لوگوں کی طرف سے لڑنے والا اور اُن کو بچانے والا تھا اور شائد یہی وجہ تھی کہ اسرائیلی اپنی مستقل فوج تیار کرنے میں اتنے سُست رہے ۔ اسرائیل میں باقاعدہ فوج کا قیام اُس وقت ہوا جب ساؤل، داؤد اور سلیمان نے ایک مضبوط اور مرکزی سیاسی نظام کو قائم کیا تھا ۔ ساؤل وہ پہلا بادشاہ تھا جس نے مستقل فوجی نظام کو تشکیل دیا تھا ( 1سموئیل 13باب 2آیت ؛ 24باب 2آیت ؛ 26باب 2آیت )۔

ساؤل نے جس کام کو شروع کیا تھا داؤد نے اُسے جاری رکھا ۔ اُس نے فوج میں اضافہ کیا، دوسرے علاقوں سے اُجرت پر فوجی دستے بُلائے جو صرف اُس کے ساتھ وفادار تھے (2سموئیل 15باب 19-22آیات) اور اپنی فوجوں کی قیادت کو براہ راست طور پر ایک سپہ سالار یوآب کے سپر د کر دیا ۔ داؤد کے ماتحت اسرائیل اپنی فوجی تدابیر اورعمون جیسی ہمسایہ ر یاستوں پر قابض ہونے میں اور زیادہ جارحانہ رویہ رکھنے لگا( 2سموئیل 11باب 1آیت ؛ 1تواریخ 20باب 1- 3آیات)۔ داؤد نے 12دستوں پر مشتمل فوج کا ایک نظام تشکیل دیا جس میں ہر دستے میں 24000 فوجی ہوتے تھے اور سال کے ہر مہینے میں ہر فوجی دستہ اپنی باری کے حساب سےخاص مقامات پر خدمت سر انجام دیتا تھا (1تواریخ 27باب )۔ گوکہ سلیما ن کا دورِ حکومت پُر امن تھا مگر اُس نے بھی رتھوں اور گھڑسواروں کے اضافے کے ساتھ فوج کو وسعت دی ( 1سلاطین 10باب 26 آیت )۔ اسرائیل قوم کے اندر مستقل فوج کا نظام 586قبل از مسیح تک جاری رہا(اگرچہ سلطنت سلیمان کی موت کے بعد تقسیم ہو گئی تھی) لیکن فوج کے باقاعدہ نظام کا سلسلہ اسرائیل (یہوداہ) کے سیاسی وجودکے حتمی اختتام تک چلتا رہا۔

نئے عہد نامے میں،یسوع اُس وقت بڑا حیران ہوتا ہے جب ایک رومی صوبہ دار (ایک رومی عہدیدارجس کے ماتحت سو فوجی ہوتےہیں ) یسوع سے ملنے آتا ہے ۔ یسو ع مسیح کے ساتھ صوبہ دار کی بات چیت اُس کے اختیار اور یسوع پر اُس کے ایمان کو پوری طرح واضح کرتی ہے ۔ ( متی 8باب 5- 13آیات)۔ یہاں پر یسوع نےاُس کے پیشےکو کسی لحاظ سے غلط نہیں کہا ۔ نئےعہد نامے میں درج بہت سے صوبہ داروں کی تعریف مسیحیوں، خدا سے ڈر نے والوں اور اچھے کردار کے لوگوں کے طور کی جاتی ہے (متی 8باب 5 آیت ؛ 27باب 54آیت ؛ مرقس 15باب 39- 45آیات؛ لوقا 7باب 2آیت؛ 23باب 47آیت ؛ اعمال 10باب 1آیت ؛ 21باب 32آیت ؛ 28باب 16آیت)۔

مقامات اور خطابات یا عہدوں سے قطع نظر ہمارے نزدیک مسلح افواج کی قدرو اہمیت بھی بائبل کے صوبہ داروں کی مانند ہونی چاہیے ۔ اُن دنوں میں ایک فوجی کے عہد ےکا بہت زیادہ احترام کیا جاتا تھا۔ مثال کے طور پر پولس رسول ایک مسیحی ساتھی اِپفُردتس کو ایک " ہم سپاہ " کے طور پر بیان کرتا ہے ( فلپیوں 2باب 25آیت )۔ بائبل میں خدا کے سب ہتھیار (افسیوں 6باب 10-20آیات)بشمول ایک فوجی کے خود، سِپر اور تلوار کو پہن کر خداوند میں مضبو ط ہونے کی حالت کو بیان کرنے کےلیےبھی ساری فوجی اصطلاحات کا استعمال کرتی ہے ۔

ہاں ، بائبل فوج میں خدمت سر انجام دینے کے بارے میں براہ راست اور بالواسط طور پر بات کر تی ہیں ۔ وہ مسیحی مرد و خواتین جو اپنے ملک کی خدمت بڑی خوبی ، وقار اور عزت کے ساتھ کرتے ہیں وہ اس بات کی یقین دہانی کر سکتے ہیں کہ اُن کی ملکی ذمہ داری جو وہ سرانجام دےرہے ہیں ہمارے قادرِ مطلق خدا کے حضور قابلِ قدر ہے ۔ پورے خلوص اور دیانتداری سے فوج میں خدمت سر انجام دینے واے لوگ ہماری طرف سے احترام کے مستحق ہیں، ہمیں اُن کے احسان مند ہونے کی ضرورت ہے۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

بائبل ایک مسیحی کے بحیثیت فوجی اپنے ملک کی خدمت کرنے کے بارے میں کیا کہتی ہے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries