settings icon
share icon
سوال

کیا انسانی رُوح فانی ہے یا غیر فانی؟

جواب


بلاشبہ انسانی رُوح غیر فانی ہے۔ یہ بات پرانے اور نئے دونوں عہد ناموں کے بہت سے حوالہ جات میں واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہیں مثلاً 22زبور 26آیت ؛ 23زبور6آیت؛ 49زبور 7- 9آیات؛ واعظ 12باب 7آیت ؛ دانی ایل 12باب 2-3آیات؛ متی 25 باب 46آیت؛ اور 1کرنتھیوں15باب 12- 19آیات۔ دانی ایل 12باب 2 بیان کرتی ہے "اور جو خاک میں سو رہے ہیں اُن میں سے بہتیرے جاگ اُٹھیں گے۔ بعض حیاتِ ابدی کے لئے اور بعض رُسوائی اور ذلتِ ابدی کے لئے"۔ اِسی طرح خود یسوع نے کہا ہے کہ بدکار "ہمیشہ کی سزا پائیں گے مگر راست باز ہمیشہ کی زندگی" (متی 25باب 46آیت)۔ "سزا" اور "زندگی" دونوں کو پیش کرنے کے لئے ایک ہی یونانی لفظ استعمال کیا گیا ہے جو واضح کرتا ہے کہ راستباز اور شریر دونوں ابدی/غیر فانی رُوحوں کے حامل ہیں۔

بائبل کی صاف اور واضح تعلیم یہی ہے کہ تمام لوگ چاہے وہ نجات یافتہ ہیں یا گنہگار ، وہ ا بد تک یا تو فردوس میں اوریاپھر جہنم میں رہیں گے۔جب ہمارے جسمانی بدن موت کی آغوش میں چلے جاتے ہیں تو اُس وقت بھی حقیقی یا رُوحانی زندگی ختم نہیں ہوتی۔ اگر ہم نجات پاتے ہیں تو ہماری رُوحیں خُدا کے حضور فردوس میں ابدتک رہیں گی اور اگر ہم خُدا کی پیش کردہ نجات کی نعمت کو ردّ کرتے ہیں تو جہنم کی ابدی سزا ہمارا مقدر ہوگی ۔ بائبل کا وعدہ درحقیقت یہی ہے کہ ہماری رُوحیں نہ صرف ہمیشہ کے لئے زندہ رہیں گی بلکہ ہمارے بدن بھی زندہ کئے جائیں گے۔ بدن کے مُردوں میں سے جی اُٹھنے کی اُمید ہر مسیحی کے ایمان کا مرکزی عقیدہ ہے (1 کرنتھیوں 15باب 12- 19آیات)۔

اگرچہ تمام رُوحیں غیر فانی ہیں مگر اس بات کو یاد رکھنا ضروری ہے کہ ہم اُس طرح ابدی اور لافانی نہیں ہیں جس طرح خُدا کی ذات ہے۔ صرف خُدا ہی حقیقی طور پر ازلی و ابدی ہستی ہے کیونکہ اُس کی ذات کی نہ ابتدا ہے اور نہ ا نتہا۔ خُدا ہمیشہ سے ہے اور ہمیشہ تک رہے گا۔ باقی تمام ذی شعور مخلوقات چاہے وہ انسان ہیں یا فرشتے، سبھی محدود ہیں کیونکہ اِن سب کی ایک ابتدا ہے۔ گوکہ ایک بار وجود میں آنے کے بعد ہم ہمیشہ کے لئے زندہ رہیں گےتاہم بائبل اِس تصور کی حمایت نہیں کرتی ہے کہ ہم ہمیشہ سے موجود ہیں۔ ہماری رُوحیں غیر فانی ہیں اس لیے کہ خدا نے اِن کو ایسے ہی پیدا کیاتھا لیکن دوسری جانب اِن کی ابتدا کاایک مخصوص وقت ہے اور اس سے پہلے ان کا کچھ وجود نہیں تھا ۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

کیا انسانی رُوح فانی ہے یا غیر فانی؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries