settings icon
share icon
سوال

بائبل مسیحی روزے کے بارے کیا کہتی ہے ؟

جواب


کلامِ مقدس مسیحیوں پر حکم کے ساتھ روزے فرض نہیں کرتا۔ اور نہ ہی خدامسیحیوں سے خصوصی طور پر روزے کا تقاضا یا مطالبہ کرتا ہے۔مگر اس حقیقت کے ساتھ ساتھ بائبل روزے کو ایک اچھے ، مفید اور فائدہ مند عمل کے طورپر پیش کرتی ہے ۔ اعمال کی کتاب بیان کرتی ہے کہ ایماندار اہم فیصلے لینے سے پہلے روزہ رکھتے تھے ( اعمال 13باب 2آیت اور 14باب 23آیت)۔ روزہ اور دُعا باہمی طور پر جڑے ہوئے ہیں (لوقا 2باب 37آیت ؛ 5باب 33آیت)۔ زیادہ تر معاملوں میں روزے سے مراد کھانا کھانے سے پرہیز ہی ہوتا ہے مگر اِس کے برعکس روزہ رکھنے کا مقصد اپنادھیا ن دنیا کی فکر وں سے ہٹا کر مکمل طور پر خدا پر مرکوز کرنا ہونا چاہیے ۔ روزہ خدا کے حضور اور اپنے آپ پر یہ ظاہر کرنے کا ایک طریقہ ہے کہ ہم خدا کی رفاقت میں سنجیدہ ہیں ۔ روزہ ہمیں ایک نئے نقطہِ نظر کو اختیار کرنے اور پھر سےخداوند پرانحصار کرنے میں مدد دیتا ہے ۔

اگرچہ بائبل میں، روزہ رکھنا تقریباً ہمیشہ ہی کھانے سے اجتناب کر نے کے مفہوم میں بیان کیا گیا ہے مگر روزہ رکھنے کے کئی اور طریقے بھی ہیں ۔ اپنی تمام توجہ خدا پر مرکوز کرنے کےلیے ہماری طرف سے کسی بھی چیز کو عارضی طور پر ترک کرنا روزہ خیال کیا جا سکتا ہے ( 1کرنتھیوں 7باب 1- 5آیات)۔ روزہ ،خصوصاً جب کھانے سے پرہیز ہو تو اِس کے لیے ایک مخصوص دورانیہ ہونا ضروری ہے ۔کیونکہ حدسے زیادہ دیر تک کھانا نہ کھانا جسم کےلیے نقصان دہ ہو سکتا ہے ۔ روزہ رکھنے سے مراد جسم کو سز ا دینا نہیں بلکہ خداوند کی طرف رجوع کرنا ہے ۔ روزہ رکھنے کو کسی بھی لحاظ سے "کھانے سے پرہیز کرنے کے طریقے " کے طور پر خیال نہیں کیا جانا چاہیے ۔ بائبلی روزے کا مقصد وزن کم کرنانہیں بلکہ خدا کے ساتھ گہری رفاقت رکھنا ہے ۔ روزہ ہر شخص رکھ سکتا ہے مگر ممکن ہے کہ کچھ لوگ کھانے کے لحاظ سے روزہ نہ رکھ سکیں ( مثلاً ،ذیابیطس کے مریض )۔ہر شخص خداوند کی قربت حاصل کرنے کےلیے کسی نہ کسی کام کو عارضی طور پر چھوڑ سکتا ہے ۔

دنیا کی چیزو ں سے اپنی نظریں ہٹانے کے ذریعے سے ہم اور زیادہ کامیابی سے اپنی توجہ مسیح پر مرکوز کر سکتے ہیں ۔ روزہ خدا سے اپنی مرضی منوانے کا طریقہ نہیں ہے ۔ اِس لیے کہ روزہ خدا کی بجائے ہمیں تبدیل کرتا ہے ۔ روزہ دوسرے لوگوں کی نسبت زیادہ روحانی ظاہر ہونے کا طریقہ نہیں ہے ۔ روزے کے عمل کی تکمیل عاجزی و انکساری اور شادمان رویے کے ساتھ ہونی چاہیے ۔ متی 6باب 16- 18آیات بیان کرتی ہیں "اور جب تم روزہ رکھو تو ریاکاروں کی طرح اپنی صورت اُداس نہ بناؤ کیونکہ وہ اپنا مُنہ بگاڑتے ہیں تاکہ لوگ اُن کو روزہ دار جانیں ۔ میں تم سے سچ کہتا ہوں کہ وہ اپنا اجر پا چکے ۔ بلکہ جب تُوروزہ رکھے تو اپنے سر میں تیل ڈال اور مُنہ دھو ۔ تاکہ آدمی نہیں بلکہ تیرا باپ جو پوشیدگی میں ہے تجھے روزہ دار جانے ۔ اِس صورت میں تیرا باپ جو پوشیدگی میں دیکھتا ہے تجھے بدلہ دے گا"۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

بائبل مسیحی روزے کے بارے کیا کہتی ہے ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries