settings icon
share icon
سوال

بائبل مُقدس شادی سے پہلے ملاقاتیں اور رازو نیاز کی باتیں کرنے کے حوالے سے کیا کہتی ہے؟

جواب


اگرچہ شادی سے پہلے کی ملاقاتوں اور راز و نیاز کی باتوں کے حوالے سے بائبل میں کچھ بھی بیان نہیں کیا گیا، لیکن ہم کچھ ایسے اصولوں کو جانتے ہیں جو مسیحیوں کی شادی سے پہلے کے وقت میں رہنمائی کرسکتے ہیں۔ سب سے پہلی بات تو یہ ہے کہ ہمیں شادی سے پہلے لڑکے لڑکی کی ملاقاتوں اور رازو نیاز کی باتوں کے حوالے سے اپنے آپ کو دُنیا کے نقطہ نظر سے علیحدہ کرنا ہے کیونکہ خُدا کی راہ دُنیا کی راہ سےمختلف اور متصادم ہے (2 پطرس 2باب20 آیت)۔ شادی سے پہلے لڑکے لڑکیوں کی ملاقاتوں اور راز و نیاز کی باتوں کے تعلق سے دُنیا کا نظریہ یہ ہو سکتا ہے کہ جس قدر کوئی چاہے اور جس جس سے وہ چاہے ملاقاتیں اور رازو نیاز کی باتیں کر سکتا/سکتی ہے۔ لیکن یہاں پرایسی ملاقاتوں کے حوالے سے اہم ترین چیز یہ ہے کہ کسی بھی شخص سے مستقبل میں ازدواجی رشتے میں بندھنے سے پہلے ، کسی سے شادی کے حوالے سے عہد و پیمان کرنے سے پہلے اُس کے خیالات، اخلاقیات اور کردار کو اچھی طرح سے جانا جا سکے۔ ہمیں یہ بھی جاننے کی ضرورت ہے کہ آیا وہ شخص رُوح القدس کے وسیلے نئی پیدایش کا تجربہ رکھتا ہے (یوحنا 3باب 3-8 آیات) اور آیا دوسرا شخص بھی آپ کی طرح دن بدن یسوع مسیح کا ہمشکل بننے کا خواہشمند ہے یا نہیں(فلپیوں 2باب 5آیت)۔ شادی سے پہلے کسی سے اِس طرح کی ملاقات یا راز و نیاز کی باتیں کرنے کا حتمی مقصد جیون ساتھی کو تلاش کرنا ہے۔ بائبل مُقدس ہمیں بتاتی ہے کہ ایک مسیحی ہوتے ہوئے ہمیں ایک غیر ایماندار کے ساتھ شادی نہیں کرنی چاہیے (2 کرنتھیوں 6باب14-15 آیات) کیونکہ ایسا کرنا مسیح خُداوند کے ساتھ ہمارے تعلق کو کمزور کر دیتا ہے اور یہ ہمارے اخلاقی معیار پر بھی ہمیں کئی طرح کے سمجھوتے کرنے پر مجبور کرتا ہے۔

جب بھی کوئی شخص کسی دوسرے کے ساتھ ایسے رشتے میں ہوتا ہے جس کے انجام کے طور پر وہ شادی کریں گے تو اُس میں وہ چاہے باہمی طور پر ملاقاتیں کریں یا راز و نیاز کی باتیں کریں اُن کے لیے ضروری ہے کہ وہ ایک دوسرے سے بڑھ کر اور ہر ایک چیز سے بڑھ کر خُداوند یسوع مسیح سے محبت کریں(متی 10باب37 آیت)۔یہ کہنا یا یہ ماننا کہ دوسرا شخص آپکی زندگی میں سب کچھ ہے ، یا دوسرا شخص آپ کے لیے ہرکسی ذات اور ہر ایک چیز سے زیادہ اہم ہے بُت پرستی کے زُمرے میں آ جاتا ہے جو کہ ایک گناہ ہے (گلتیوں 5 باب 20 آیت؛ کلسیوں 3باب5 آیت)۔ مزید برآں ہمیں شادی سے پہلے جنسی تعلق قائم کر کے اپنے بدنوں کو ناپاک نہیں کرنا چاہیے (1 کرنتھیوں 6باب9، 13 آیات؛ 2 تیمتھیس 2باب22 آیت)۔ جنسی بے راہروی نہ صرف خُدا کے خلاف گناہ ہے بلکہ خود ہمارے بدنوں کے خلاف بھی گناہ ہے (رومیوں 12باب 9- 10 آیات) اور جب ہم کسی کے ساتھ شادی سے پہلے ملاقاتیں اور رازو نیاز کی باتیں کرتے ہیں تو اِس بات کا اطلاق اِن پر بھی ہوتا ہے۔ ہم چاہے کسی سے ملاقات کریں اور اُس کے ساتھ راز و نیاز کی باتیں کریں، اگر ہم بائبل مُقدس کے اِن اصولوں کو مدِنظر رکھتے ہیں تو یہ چیز مستقبل میں ہماری شادی کے لیے ایک بہت اچھی اور مضبوط بنیاد ثابت ہوتی ہے۔ شادی کرنا دراصل ہماری زندگیوں کے سب سے اہم ترین فیصلوں میں سے ایک ہوتا ہے کیونکہ جب دو لوگ شادی کرتے ہیں تو وہ دونوں باہمی طور پر ایسے بندھن میں بندھ جاتے ہیں جس میں وہ ایک تن ہوتے ہیں، اور اُن کا باہمی رشتہ وہ رشتہ ہے جو خُدا کے حکم کی روشنی میں مستحکم اور مرتے دم تک قائم رہنے والا ہے(پیدایش 2باب24 آیت؛ متی 15 باب 5 آیت)۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

بائبل مُقدس شادی سے پہلے ملاقاتیں اور رازو نیاز کی باتیں کرنے کے حوالے سے کیا کہتی ہے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries