settings icon
share icon
سوال

کیا خُدا/بائبل جنسی تعصب رکھتے ہیں؟

جواب


جنسیات (سیکس ازم) جسے اُردو زبان میں جنسی تعصب کہا جاتا ہے در اصل ایسا خاص رویہ ہے جس میں انسانوں کی ایک جنس بالخصوص مرد خود کو مخالف جنس پر فوقیت دینے ، اختیار رکھنے اور بالا دستی کو قائم کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ بائبل میں عورتوں کے تعلق سے بہت سے حوالہ جات پائے جاتے ہیں جو ہماری عصرِجدید کی ذہنیت کے مطابق عورتوں سے امتیازی سلوک کا تاثر دیتے ہیں ۔ مگر ہمیں یہ بات یادرکھنی چاہیےکہ جب بائبل کسی عمل کے بارے میں بیان کرتی ہے تو اِس کا یہ ہرگز مطلب نہیں ہوتا کہ بائبل اُس عمل کی حمایت کر رہی ہوتی ہے ۔ بائبل بیان کرتی ہے کہ مردوں کے نزدیک عورتوں کی اہمیت چیزوں سے زیادہ نہیں تھی مگر اِس بیان سے یہ مراد نہیں کہ خدا اس عمل کی توثیق کرتا ہے ۔ بائبل ہمارے معاشروں کی بجائے ہماری رُوحوں کی اصلاح کرنے پر زیادہ توجہ دیتی ہے ۔ خدا جانتا ہے کہ تبدیل شدہ دل ایک اچھے رویے کا باعث ہو گا۔

پرانے عہد نامے کے زمانہ کے اندر قریباً دنیا کے ہر معاشرے میں ایسا نظام پایا جاتا تھا جس میں قبیلے کا سردار فرمانروا ہوتا تھا ۔ یہ رتبہ نہ صرف تاریخ اور بائبل میں پوری طرح واضح ہے بلکہ اُن سربراہی نظاموں میں بھی جو زیادہ تر معاشروں میں حکومتی صورت میں پائے جاتے تھے ۔ اخلاقی اقدار کے جدید نظاموں اور عالمی انسانی نقطہِ نظر کے نزدیک یہ فرمانرواہی کا رویہ " جنسی تعصب " کہلاتا ہے ۔ انسان کی بجائے یہ خدا ہی تھا جس نے معاشر ے میں ترتیب قائم کی ہے اور اختیار کے اصول و قوانین کا انتظام کیا ہے ۔ تاہم گناہ میں مبتلا انسان نے دوسری چیز وں کی طرح اِس ترتیب کو بھی خراب کر دیا ہے ۔ اور یہ خرابی تمام تاریخ میں مرد اور عورت کے درمیان عدم مساوات کا نتیجہ رہی ہے ۔ ہم دنیا میں آج کل جو امتیازی سلوک اور فوقیت رکھنے کا رویہ دیکھتے ہیں یہ کوئی نئی بات نہیں ہے ۔ یہ انسان کے خدا سے جُدا ہونے اور گناہ میں پڑنے کا نتیجہ ہے ۔ اِس لیے ہم وثوق سے کہہ سکتے ہیں کہ "جنسی تعصب " کی اصطلاح اور اِس کی عملی شکل گناہ کی موجودگی کا ثبوت ہے۔ بائبل کا بتدریج ظاہر ہونے والا الہام جنسی تعصب اور بلاشبہ انسانی نسل کے تمام گناہ آلودہ افعال کے علاج کی جانب ہماری رہنمائی کرتا ہے ۔

خُدا کے مقرر کردہ عہدوں میں روحانی توازن کی تلاش کرنے اور اُنہیں قائم کرنے کے لیے ہمیں بائبل پر دھیان دینے کی اشد ضرورت ہے۔ نیا عہد نامہ پرانے عہد نامے کی تکمیل ہے اور نئے عہد نامے میں ہمیں ایسے اصول ملتے ہیں جو ہمیں اختیار کے استعمال میں مناسب توازن ، گناہ کے علاج ، تمام انسانیت کی خرابی بشمول جنسی تعصب پر مبنی امتیازی سلو ک کے بارے میں بتاتے ہیں ۔

مسیح کی صلیب کے پیغام میں سب کے ساتھ یکساں سلوک کیا جاتا ہے یوحنا 3باب 16آیت بیان کرتی ہے کہ " جو کوئی اُس پر ایمان لائے " ۔ یہ ایک جامع بیان ہے جو معاشرتی مقام ، ذہنی قابلیت یا جنس کی بنیاد پر کسی کو ترک نہیں کر تا ہے ۔ گلتیوں کے نام خط میں ہمیں ایک ایسا حوالہ ملتا ہے جو نجات کےلیے یکساں موقع کی فراہمی کی بات کرتا ہے ۔ "کیونکہ تم سب اُس ایمان کے وسیلہ سےجو مسیح یسوع میں ہے خُدا کے فرزند ہو اور تم سب جتنوں نے مسیح میں شامل ہونے کا بپتسمہ لیا مسیح کو پہن لیا۔ نہ کوئی یہودی رہا نہ یُونانی نہ کوئی غلام نہ آزاد نہ کوئی مرد نہ عورت کیونکہ تم سب مسیح یسوع میں ایک ہو"(گلتیوں 3باب 26-28آیات)۔ صلیب کے پیغام میں کوئی جنسی تعصب نہیں ہے ۔

بائبل مرد و خواتین دونو ں میں گناہ کے نتائج کی اصل تصویر کشی کے حوالے سے بھی جنسی تعصب یا تفریق کا شکار نہیں ۔ بائبل تمام طرح کے گناہوں کاذکر کرتی ہے : غلامی اور قید اور اپنے اندر مذکور سورماؤں کی ناکامیاں ۔ اِس کے ساتھ ساتھ بائبل خدا اور اُس کی طرف سے مقرر کردہ ترتیب کے خلا ف ہمارے گناہوں کا جواب اور علاج مہیا کرتی ہے یعنی یہ کہ ہم خُدا کے ساتھ درست رفاقت رکھیں۔ پراناعہد نامہ ایک عظیم قربانی کا منتظر تھا اور ہر بار جب گناہ کےلیے قربانی گذرانی جا تی تو یہ خدا کےساتھ صلح کرنے کی تعلیم ہوتی تھی ۔ " وہ بّرہ جس نے دنیا کے گناہ اُٹھا لیے تھے"نئے عہد نامے میں پیدا ہوا، مرا، دفن ہوا ، مُردوں میں سے جی اُٹھا اور آسمان پر اُٹھایا گیا اور اب وہاں وہ ہماری شفاعت کرتا ہے ۔ اُس پر ایمان لانے کے وسیلہ سے گناہوں کا علاج حاصل ہوتا ہے جس میں جنسی تعصب کا گناہ بھی شامل ہے ۔

یہ الزام لگانا کہ بائبل جنسی تعصب کا شکار ہےدر اصل کلامِ مقدس کے علم کے فقدان کی علامت ہے ۔ جب ہر دور کے مرد و خواتین خدا کی طرف سے مقرر کردہ اپنے مقام پر قائم رہیں" اور جیسا خداوند کا فرمان ہے "اُس کے مطابق اپنی زندگیوں گزارتے ہیں تو پھر تمام مردو خواتین کے درمیان ایک حیران کن توازن قائم ہوگا۔ خدا نے اِسی توازن کے ساتھ شروع کیا تھا اور وہ اِسی توازن کے ساتھ اختتام کرے گا ۔ گناہ کے مختلف نتائج پر غیر ضروری توجہ دی جاتی ہے جبکہ اِس کے اسبا ب کو نظر انداز کر دیا جاتا ہے ۔ ہم حقیقی مساوات صرف اُس وقت حاصل کر سکتے ہیں جب ہم خدا وند یسوع مسیح کے وسیلہ سے خدا کے ساتھ شخصی رفاقت قائم کرتے ہیں ۔ " اور سچائی سے واقف ہو گے اور سچائی تم کو آزاد کرے گی"(یوحنا 8باب 32آیت)۔

یہ بات سمجھنا بہت ضروری ہے کہ بائبل کی طرف سے مرد اور عورتوں کو دیئے گئے مختلف کردار جنسی تعصب کو قائم نہیں کرتے ۔ بائبل اِس بات کو پوری طرح واضح کرتی ہے کہ خدا مردوں سے کلیسیا اور خاندان میں قائدانہ کردار ادا کرنے کی توقع کرتا ہے ۔ کیا یہ حقیقت عورتوں کے رتبے کو کم کرتی ہے ؟ یقیناً نہیں ۔ کیا اس سے مراد یہ ہے کہ عورتیں ذہانت اور قابلیت میں کم ہیں یا خدا کی نظر میں ادنیٰ خیال کی جاتی ہیں ؟یقیناً نہیں۔ اِس کا مطلب یہ ہے کہ اِس گناہ آلود دنیا میں ایک خاص نظام اور اختیار کا ہونا ضروری ہے ۔ خدا نے ہماری بھلائی کے لیے مختلف اختیار کے حامل کردار وں کو قائم کیا ہے ۔ جنسی تعصب اِن کرداروں کے غلط استعمال کی وجہ سے ہے ،یہ اِن کرداروں کی موجودگی کا نتیجہ نہیں ۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

کیا خُدا/بائبل جنسی تعصب رکھتے ہیں؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries