settings icon
share icon
سوال

کیا خُدا اب بھی معجزات کرتا ہے؟

جواب


بہت سے لوگوں کی خواہش ہے کہ خدا اپنے آپ کو اُن پر " ظاہر " کرنے کےلیے معجزات کرے۔ کئی لوگوں کی ایسی سوچ ہو سکتی ہے کہ " اگر خدا کوئی معجزہ ، نشان یا کوئی عجیب کام کرے گا تو پھر ہی مَیں اُس پر ایمان لاؤں گا!" ۔ تاہم یہ سوچ کلامِ مقدس کے منافی ہے ۔ جب خدا نے اسرائیلیوں کے لیے حیران کن اور بڑے بڑے معجزات کئے تو کیا اِن کی وجہ سے اسرائیلی خدا کی فرمانبرداری کرنے لگے ؟ نہیں، گوکہ اُنہوں نے تمام معجزات کو دیکھا تھا مگر اِس کے باوجود اسرائیلی مسلسل خدا کی نافرمانی اور مخالفت کرتے رہے ۔ ایسے ہی وہ لوگ جنہوں نے بحرہ ِقلزم پر خدا کی عجیب قدرت کانظارہ کیا تھا بعد میں شک کا شکار ہو گئے تھے کہ آیا خدا ملکِ کنعان کے باشندوں پر غالب آئے گا کہ نہیں ۔ یہ سچائی لوقا 16باب 19-31آیات میں بیان کیا گئی ہے ۔ اِس کہانی میں ایک شخص نے جو جہنم کے عذاب مبتلا تھا ابرہام سے درخواست کی ہے کہ وہ لعزر کو زندہ کر کے اُس کے گھر بھیجے تاکہ وہ اُس کے بھائیوں کو خبردار کر سکے ۔ ابرہام نے اُس آدمی کو بتایا " جب وہ مُوسیٰ اور نبیوں ہی کی نہیں سُنتے تو اگر مُردوں میں سے کوئی جی اُٹھے تو اُس کی بھی نہ مانیں گے" ( لوقا 16باب 31آیت)۔

یسوع نے بے شمار معجزات کئے تھے مگرپھر بھی لوگوں کی ایک بڑی تعدا د اُس پر ایمان نہ لا ئی ۔ اگر خدا ماضی کی طرح آج بھی معجزات کرتا ہے تو نتیجہ ایسا ہی ہوگا۔ لوگ معجزات پر حیران تو ہوں گے مگر لوگ بہت کم وقت کےلیے خدا پر ایمان رکھیں گے ۔ ایسا ایمان محض سطحی ہوگا اور جب کوئی غیر متوقع یا خطرناک واقعہ رونما ہوگا تو یہ ایمان بھی ختم ہو جائے گا۔ معجزات پر مبنی ایمان ایک پختہ ایمان نہیں ہوتا ہے ۔ خدا نے اب تک کا سب سے بڑا معجزہ یسوع مسیح کے دنیا میں آنے اور ہمارے گناہوں کےلیےمسیح کے صلیب پر جان دینے کی صورت میں کیا ہے ( رومیوں 5باب 8آیت) تاکہ ہم نجات پا سکیں ( یوحنا 3باب 16آیت)۔ خدا آج بھی معجزات کرتا ہے جن میں سے بہت سے نظرانداز یا مسترد کر دیئے جاتے ہیں۔ بہرحا ل ہمیں مزید معجزات کی ضرورت نہیں ہے ۔ اب ہمیں صرف یسوع مسیح پر ایمان کے وسیلہ سے نجات کے معجزے پر ایمان لانے کی ضرورت ہے ۔

معجزات کا مقصد معجزے کرنے والے کی تصدیق کرنا ہے ۔ اعمال 2باب 22آیت بیان کرتی ہے "اَے اِسرائیلیو!یہ باتیں سُنو کہ یسُو ع ناصری ایک شخص تھا جس کا خُدا کی طرف سے ہونا تم پر اُن معجزوں اور عجیب کاموں اور نشانوں سے ثابِت ہوا جو خُدا نے اُس کی معرفت تم میں دِکھائے ۔ چنانچہ تم آپ ہی جانتے ہو"۔ رسولوں کے بارے میں بھی بالکل یہی بات کی گئی ہے "رُسول ہونے کی علامتیں کمال صبر کے ساتھ نشانوں اور عجیب کاموں اور معجزوں کے وسیلہ سے تمہارے درمیان ظاہرہوئیں "( 2کرنتھیوں 12باب 12آیت)۔ خوشخبری کے بارے میں بات کرتے ہوئے عبرانیوں 2با ب 4آیت دعویٰ کرتی ہے "اور ساتھ ہی خُدا بھی اپنی مرضی کے مُوافق نشانوں اور عجیب کاموں اور طرح طرح کے معجزوں اور رُوح القدس کی نعمتوں کے ذریعہ سے اُس کی گواہی دیتا رہا"۔ اب ہمارے پاس کلامِ مقدس میں درج یسوع کی سچائیاں موجود ہیں ۔ اب ہمارے پاس کلامِ مقدس میں درج رسولوں کی تصانیف موجود ہیں ۔ جیسا کہ کلامِ مقدس میں درج ہے کہ ہم رسولوں اور نبیوں کی نیو پر جس کے کونےکے سرے کا پتھر خود مسیح یسوع ہے تعمیر کئے گئے ہیں(افسیوں 2باب 20 آیت)۔ جیسا کہ یسوع اور اُس کے رسولوں کے پیغام کی پہلے سے ہی تصدیق ہو چکی ہے اور اُسے درستگی سےکلامِ مقدس میں محفوظ کر دیا گیا ہے اِس لحاظ سے معجزات کی مزید ضرورت نہیں ہے ۔ ہاں خدا آج بھی معجزات کرتا ہے ۔ لہذا آج کل ہمیں لازمی طور پر معجزات کے رونما ہونے کی توقع نہیں کرنی چاہیے جیسے یہ بائبل کے دور میں رونما ہوتے تھے ۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

کیا خُدا اب بھی معجزات کرتا ہے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries