settings icon
share icon
سوال

ابراہامی عہد کیا ہے ؟

جواب


ایک عہد دو فریقین کے درمیان ایک معاہد ہوتا ہے۔ عہد کی دو بنیادی اقسام ہوتی ہیں: مشروط اور غیر مشروط۔ مشروط اور دوطرفہ عہد ایک ایسا معاہدہ ہے جس کی پابندی کرنا دونوں فریقوں کے لیے لازم ہوتی ہے۔ دونوں فریق کچھ شرائط پوری کرنے پر متفق ہوتے ہیں۔ اُن دونوں میں سے اگر کوئی بھی فریق اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہتا ہے تو وہ عہد ٹوٹ جاتا ہے اور پھر اُس کے بعد دونوں فریقین میں سے کسی ایک سے بھی عہد سے متعلقہ توقعات پر پورا اُترنے کا تقاضا نہیں کیا جاتا۔ ایک غیر مشروط اور یک طرفہ عہد بھی دو فریقین کے درمیان ایک معاہدہ ہے لیکن اِس عہد میں دونوں میں سے صرف ایک فریق کو ہی کچھ کرنا ہوتا ہے جبکہ دوسرے فریق سے کچھ بھی کرنے کا تقاضا نہیں کیا جاتا۔

ابرہامی عہد ایک غیر مشروط عہد ۔ اصل عہد کو پیدایش 12باب1-3 آیات میں دیکھا جا سکتا ہے۔ پیدایش 15 باب میں درج ایک خاص تقریب اِس عہد کی غیر مشروط نوعیت کی نشاندہی کرتی ہے۔ جب ایک عہد کا انحصار دونوں فریقوں پر ملکر ذمہ داری کو نبھاہنے پر ہوتا تھا تو دونوں فریق جانوروں کے کٹے ہوئے ٹکڑوں کے درمیان سے گزرتے تھے اور عہد باندھتے تھے۔ پیدایش 15 باب میں ہم دیکھتے ہیں کہ خُدا خود ہی اُن کٹے ہوئے جانوروں کے نصف حصوں کے درمیان سے گزرتا ہے۔ ابرہام اُس وقت گہر ی نیند میں تھا۔ خُدا کا اکیلے ہی اُن ٹکڑوں کے درمیان سے گزرنے کا عمل اِس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ یہ خُدا کا اپنا عہد تھا۔ وہ اپنے آپ کو اِس عہد کو پورا کرنے کا پابند بناتا ہے۔

بعد میں خُدا نے ابرہام کو اِس عہد کی خاص نشانی کے طور پر ختنے کی رسم دی (پیدایش 17باب9-14 آیات)۔ ابرہام کی نسل میں سے ہر ایک مرد کا ختنہ کیا جانا ضروری تھا اور اُن کے لیے یہ لازم تھا کہ وہ زندگی بھراِس دُنیا کے اندر اپنے بدن میں اِس نشانی کو اپنے خُدا کی طرف سے دُنیاوی برکت کے طور پر لیکر چلیں۔ ابرہام کی اولاد میں سے کوئی بھی شخص اگر ختنہ کروانے سے انکار کر دیتا تو وہ اصل میں یہ اعلان کرتا تھا کہ وہ خُدا کے عہد میں شامل نہیں ہے؛ اور اِس بات سے ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ کیوں خُدا موسیٰ سے اُس وقت ناراض ہو ا تھا جب اُ س نے اپنے بیٹے کا ختنہ نہیں کیا تھا (خروج 4باب24-26 آیات)۔

خُدا نے اپنے لیے خاص لوگوں کو بلانے کا عزم کیا اور اُن خاص لوگوں کے وسیلے سے وہ باہر کی پوری دُنیا کو برکت دے گا۔ خُدا ابرہام کو بتاتا ہے کہ :

" مَیں تجھے ایک بڑی قَوم بناؤں گا،

اور برکت دُوں گا،

اور تیرا نام سرفراز کروں گا ۔

سو تُو باعث ِبرکت ہو!۔

جو تجھے مُبارک کہیں اُن کو مَیں برکت دُوں گا،

اور جو تجھ پر لعنت کرے اُس پر مَیں لعنت کروں گا؛

اور زمین کے سب قبیلے

تیرے وسیلہ سے برکت پائیں گے۔ " (پیدایش 12باب2-3 آیات)

اِسی عہد کی بنیاد پر خُدا نے بعد میں پیدایش 17باب5 آیت میں ابرہام کے نام کو "ابرام" (بلند مرتبہ باپ) سے تبدیل کر کے "ابرہام" (بہتوں کا باپ/ہجوموں کا باپ) رکھ دیا ۔ جیسا کہ ہم نے دیکھا ہے، ابرہامی عہد غیر مشروط ہے۔ اِس لیے اِس عہد کو لغوی معنوں میں بھی لیا جانا چاہیے۔ ابرہام کے ساتھ خُدا نے جو عہد باندھا تھا اُسکی رُوحانی تفسیر نہیں کی جانی چاہیے۔ خُدا کی طرف سے ابرہام اور اُسکی نسل کے ساتھ جو عہد باندھا گیا ہے وہ حقیقت میں پورا ہوگا۔

ابرہامی عہد کے اندر زمین کے دیئے جانے کا وعدہ ہے (پیدایش 12باب1 آیت)۔ یہ مخصوص زمین ، اصل ملکیت تھی جس کی جہتوں /حدود اربع کی وضاحت پیدایش 15باب18-21 آیات کے اندر کی گئی ہے۔ پیدایش 13باب15 آیت کے اندر خُدا ابرہام کو جہاں تک وہ دیکھ سکتا تھا وہاں تک کی ساری زمین عطا کرتا ہے، اور یہ تحفہ "ہمیشہ ہمیشہ" کے لیے دیا گیا تھا۔ خُدا اپنے وعدے سے انحراف نہیں کرنے جا رہا تھا۔ اِستثنا 30باب1-10 آیات کے اندر ابرہامی عہد میں دئیے گئے حصے کو توسیع دی گئی اور اِسے اکثر فلسطینی عہد بھی کہا جاتا ہے۔

ابرہام کی وفات کے کئی صدیوں بعد بنی اسرائیل نے یشوع کی قیادت میں اِس سر زمین پر قبضہ کیا ( یشوع 21باب43 آیت)۔ تاہم تاریخ کے کسی بھی موڑ پر بنی اسرائیل نے اُس تمام زمین پر قبضہ نہیں کیا تھا جو خُدا نے اُن کے لیے متعین کی تھی۔ لہذا اب بھی ابرہامی عہد کی آخری تکمیل باقی ہے جس میں بنی اسرائیل اپنے خُدا کی طرف سے دئیے گئے اپنے وطن پر پوری طرح قابض نظر آئے گی۔ اِس کی تکمیل محض جغرافیائی معاملات سے بہت زیادہ بڑھ کر ہوگی۔ وہ پاکیزگی اور بحالی کا وقت ہوگا (دیکھئے حزقی ایل 20باب40-44 آیات اور 36باب1 آیت تا 37باب28 آیت)۔

ابرہامی عہد میں بہت زیادہ اولاد کا بھی وعدہ کیا گیا تھا (پیدایش 12باب2 آیت)۔ خُدا نے کہا کہ ابرہام کی اولاد کی تعداد "خاک کے ذروں " کی مانند کثیر ہوگی۔ اُسکی اولاد میں سے کئی قومیں اور بادشاہ برپا ہونگے (پیدایش 17باب6آیت)۔ یہاں پر اہم بات یہ ہے کہ یہ وعدہ ایک بہت ہی عمر رسیدہ اور بے اولاد جوڑے کو دیا گیا تھا۔ لیکن ابرہام نے " نہ بے اِیمان ہو کر خُدا کے وعدہ میں شک کِیا " (رومیوں 4باب20 آیت) اور اُسکی بیوی سارہ " نے بھی سِنّ یاس کے بعد حامِلہ ہونے کی طاقت پائی اِس لئے کہ اُس نے وعدہ کرنے والے کو سچّا جانا" (عبرانیوں 11باب11 آیت)۔ ابرہام اپنے ایمان کے وسیلے سے راستباز ٹھہرا (پیدایش 15باب6 آیت) اور ابرہام اور اُسکی بیوی نے اپنے وعدے کے فرزند اضحاق کو اپنے گھر میں اُس وقت خوش آمدید کہا جب اُنکی عمریں بالترتیب 100 اور 90 سال تھیں (پیدایش 21باب5 آیت)۔

خُدا نے ابرہامی عہد اضحاق اور پھر اُس کے بیٹے یعقوب جس کا نام تبدیل کر کے اسرائیل کر دیا گیا تھا کے سامنے دہرایا۔ بالآخر اُس سرزمین پر وہ عظیم قوم قیام پذیر ہوئی جہاں پر کبھی ابرہام قیام کئے ہوئے تھا۔ ابرہام کی بہت سارے اولاد میں سے ایک شخص بنام داؤد بادشاہ کو داؤد کا عہد (2 سموئیل 7 باب 12-16 آیات) دیا گیا ، جس میں وعدہ کیا گیا کہ "ابنِ داؤد" ایک دن یہودی قوم – اور دُنیا کی تمام قوموں پر – یروشلیم میں سے حکمرانی کرے گا۔ پرانے عہد نامے کی بہت ساری دیگر نبوتیں اُس عہد کی مستقبل میں مبارک تکمیل کی طرف اشارہ کرتی ہیں (یسعیاہ 11باب؛ میکاہ 4 باب زکریاہ 8 باب)۔

ابرہامی عہد کے اندر برکت اور نجات کا وعدہ بھی شامل تھا (پیدایش 12باب3آیت)۔ تمام زمین ابرہام کے وسیلے سے با برکت ہوگی۔ اِس وعدے کی تکمیل نئے عہد نامے میں ہوتی ہے (یرمیاہ 31باب31-34 آیات بالموازنہ لوقا 22باب20 آیت)، جس کی توثیق یسوع مسیح کی ذات میں ہوئی جو ابرہام کی نسل میں سے وہ نجات دہند تھا جو ایک دن ہر ایک چیز کو بحال کر دے گا (اعمال 3باب21 آیت)۔

جس وقت پیدایش کی کتاب 12 باب کے اندر خُدا برہام کے ساتھ وہ عہد باندھ رہا تھا تو اُس نے پانچ دفعہ کہا کہ "مَیں کرونگا"۔ بڑے واضح طور پر خُدا اُس عہد کو پورا کرنے کی ذمہ داری اپنے اوپر لیتا ہے۔ اور وہ عہد غیر مشروط ہے۔ ایک دن اسرائیل قوم توبہ کرے گی، اُسے معاف کیا جائے گا اور خُدا کی مہربانی سے اُسے بحال کیا جائے گا (زکریاہ 12باب10-14 آیات؛ رومیوں 11باب25-27 آیات)۔ ایک دن اسرائیل قوم اُس ساری زمین کی ملکیت کو حاصل کرے گی جس کا اُسکے ساتھ وعدہ کیا گیا ہے۔ ایک دن مسیحا اپنے تخت کو قائم کرنے کے لیے آئے گا اوراپنی راستبازی کے ذریعے سے تمام دُنیا پر حکمرانی کرے گا اور اُسکی راست حکومت کے ذریعے سے پوری دُنیا کو امن، خوشی اور خوشحالی کیساتھ نوازہ جائے گا۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

ابراہامی عہد کیا ہے ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries