settings icon
share icon
سوال

یسوع کے 12 شاگرد/ رسول کون تھے؟ یسوع کے بارہ شاگردوں/رسولوں کے نام کیا تھے؟

جواب


لفظ " شاگرد" ایک سیکھنے والے یا پیروکار کی جانب اشارہ کرتا ہے ۔ لفظ " رسول" سے مراد ہے " وہ شخص جسے بھیجا گیا ہو" ۔جس وقت خُداوند یسوع ابھی زمین پر موجود تھا اُس کے بارہ خاص پیروکار رسول کہلائے ۔ اِن بارہ رسولوں نے یسوع مسیح کی پیروی کی، اُس سے سیکھا اور اُس سے تربیت پائی ۔ مُردوں میں سے جی اُٹھنے اور آسمان پر صعود فرمانے کے بعد خُداوند یسوع نے شاگردوں کو انجیل کی منادی کے لیے بھیجا( متی 28باب 18- 20آیات؛ اعمال 1باب 8آیت)۔ تب یہ شاگرد رُسولوں کے طور پہچانے جانے لگے۔ تاہم جب یسوع زمین پر ہی تھا تو اُس وقت بھی یہ اصطلاحات یعنی " شاگرد" اور " رسول" اکثراُس کے بارہ مخصوص شاگردوں کے لیے استعمال کی جاتی تھیں۔ کبھی اُنہیں شاگرد کہہ کر پکارا جاتا اور کبھی رسول۔

اصل بارہ شاگردوں /رسولوں کے ناموں کی فہرست متی 10باب 2-4آیات میں موجود ہے "بارہ رسولوں کے نام یہ ہیں : "پہلا شمعون جو پطرس کہلاتا ہے اور اُس کا بھائی اندریاس ، زبدی کا بیٹا یعقوب اور اُس کا بھائی یُوحنا، فلپس اور برتُلمائی ،توما اور متی محصول لینے والا، حلفئی کا بیٹا یعقوب اور تدّی، شمعون قنانی اور یہوداہ اسکریوتی جس نے اُسے پکڑوا بھی دیا"۔ بائبل بارہ شاگردوں /رسولوں کا ذکر مرقس 3باب 16- 19آیات اور لوقا 6باب 13- 16آیات میں بھی کرتی ہے۔ اِن تینوں حوالہ جات کا موازنہ شاگردوں کے ناموں کے درمیان چند ایک معمولی اختلافات کو ظاہر کرتا ہے ۔ ایسا لگتا ہے کہ تدّی جو یعقوب کا بیٹا تھا وہ " یہوادہ " اور لِبیس(Lebbaeus)کے طور پر بھی جانا جاتا تھا (متی 10باب 3آیت)۔ شمعون زیلوتیس، شمعون قنانی کے طور پر جانا جاتا تھا ( مرقس 3باب 18آیت)۔ یہوداہ اسکریوتی جس نے یسوع کو دھوکا دیا اُس کی جگہ بارہویں رسول کے طور متیاہ کو چُنا گیا( دیکھیں ، اعمال 1باب 20- 26آیات)۔ بائبل کےکچھ اُستاد متیاہ کو ایک " غیر متحرک یا نا اہل " رسول کے طور پر دیکھتے ہیں اور یہ ایمان رکھتے ہیں کہ پولس خدا کا وہ منتخب رسول تھا جس نے شاگردوں میں یہوداہ اسکریوتی کی جگہ لی تھی۔

بارہ شاگرد / رسول عام معمولی انسان تھے جن کو خدا نے غیر معمولی طور پر استعمال کیا۔ بارہ رسولوں میں مچھیرے،محصول لینے والے اور انقلابی لوگ شامل تھے ۔ اناجیل اِن بارہ رسولوں کی جو یسوع کے شاگرد اور پیروکار تھے لگاتار ناکامیوں ، کوششوں، جدو جہد اورشکوک و شبہات کا ذکرکرتی ہیں۔ یسوع کے مُردوں میں سے جی اُٹھنے اور آسمان پر اُٹھائے جانے کا مشاہدہ کرنے کے بعد رُوح القدس نے شاگردوں /رسولوں کو خدا کے قوی انسانوں میں بدل دیا جنہوں نے دنیا کی کایا پلٹ کر رکھ دی ( اعمال 17باب 6آیت )۔ شاگردوں میں کیا تبدیلی آئی تھی ؟بارہ شاگرد/ رسول " یسوع کے ساتھ رہ" چکے تھے( اعمال 4باب 13آیت)۔ ہمیں اپنی زندگی جانفشانی کے ساتھ خُداوند کی انجیل کی منادی کرنے کے لیے گزارنی چاہیے ، ہو سکتا ہے کہ ہمارے بارے میں بھی ایسا ہی کہا جائے !

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

یسوع کے 12 شاگرد/ رسول کون تھے؟ یسوع کے بارہ شاگردوں/رسولوں کے نام کیا تھے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries