settings icon
share icon
سوال

مسیحیت کیا ہے اور مسیحی کیا ایمان رکھتے ہیں؟

جواب


مسیحیت کے مرکزی عقائد کا خلاصہ 1 کرنتھیوں 15باب 1-4آیات میں پیش کیا گیا ہے۔ مسیح یسوع ہمارے گناہوں کے لیے مؤا، دفن ہوا اور جی اُٹھا ، اور اِس لیے ہر وہ شخص جو اُس کو ایمان کے ساتھ قبول کرتا ہے اُسے خُداوند یسوع مفت نجات کی پیشکش کرتا ہے۔مسیحیت تمام دیگر عقائد اور مذاہب میں منفرد ہوتے ہوئے مذہبی رسومات کے بارے میں نہیں بلکہ ایک خاص تعلق کے بارے میں تعلیم دیتی ہے۔ "یہ کریں اور وہ نہ کریں" کی لمبی فہرست دینے کی بجائے مسیحیت کا حتمی مقصد خُدا کے ساتھ چلنے کے بارے میں ترغیب اور تعلیم دینا ہے۔ یہ تعلق صرف اور صرف خُداوند یسوع کے صلیب پر مکمل کئے گئے کام اور رُوح القدس کی خدمت کی بدولت ہی ممکن ہے۔


مرکزی عقائد کے علاوہ اور بھی بہت ساری ایسی چیزیں یا باتیں ہیں یا ہونی چاہییں جو یہ جاننے میں رہنمائی کرتی ہیں کہ مسیحیت کیا ہے اور مسیحی کیا ایمان رکھتے ہیں۔ مسیحی ایمان رکھتے ہیں کہ بائبل خُدا کا الہامی کلام (خُدا کے منہ کی بات) ہے اور ایمان اور اعمال کے حوالے سے اِس کی تعلیمات حتمی اہمیت رکھتی ہیں (2 تیمتھیس 3باب16آیت؛ 2 پطرس 1باب20-21آیات)۔ مسیحی ایک ثالوث خُدا پر ایمان رکھتے ہیں جس میں تین اقنوم – یعنی باپ، بیٹا (یسوع مسیح) اور رُوح القدس ہیں۔

مسیحی یہ ایمان رکھتے ہیں کہ خُدا نے نسلِ انسانی کو بالخصوص اپنے ساتھ خاص تعلق رکھنے کے لیے تخلیق کیا تھالیکن گناہ نے سب انسانوں اور خُدا کے درمیان میں جُدائی ڈال دی(رومیوں 3باب 23آیت؛ 5باب 12آیت)۔ مسیحیت تعلیم دیتی ہے کہ خُداوند یسوع اِس زمین پربطورِ کامل خُدا اور کامل انسان آیا اور اِس زمین پر خاص مدت تک رہا (فلپیوں 2باب6-11آیات)، اور اُس نے صلیب پر جان دی۔مسیحی یہ ایمان رکھتے ہیں کہ اپنی موت کے بعد یسوع دفن ہوا، پھر وہ مُردوں میں سے جی اُٹھا، اور اب وہ خُدا باپ کی دہنی طرف بیٹھا ہے جہاں پروہ سب مقدسین کی شفاعت کرنے کے لیے ہمیشہ زندہ ہے(عبرانیوں 7باب25آیت) ۔ مسیحیت یہ دعویٰ کرتی ہے کہ یسوع مسیح کی صلیبی موت سارے انسانوں کے گناہ کا قرض ادا کرنے کےلیے کافی ہےاور اُس کی صلیبی موت ہی انسان اور خُدا کے درمیان ٹوٹے ہوئے اُس تعلق کو بحال کرتی ہے(عبرانیوں 9 باب11-14آیات؛ 10باب 10آیت؛ 5باب8آیت؛ 6باب23 آیت)

مسیحیت یہ تعلیم دیتی ہے کہ نجات پانے کے لیے اور اپنی موت کے بعد آسمان (فردوس) میں داخل ہونے کے لیے ہر کسی کو مسیح کے صلیب پر مکمل کئے ہوئے کام پر پورے دل کے ساتھ ایمان لانے کی ضرورت ہے۔ اگر ہم یہ ایمان رکھتے ہیں کہ مسیح ہماری جگہ پر ہمارے گناہوں کی خاطر مرا، اُس نے ہمارے گناہوں کی قیمت اپنی جان دیکر ادا کی، اور پھر موت اور قبر پر فتح پا کر جی اُٹھا، تو جان لیں کہ ہم نجات یافتہ ہیں۔ کوئی بھی انسان اپنی نجات کو خود سے حاصل کرنے کے لیے کوئی بھی اقدام نہیں کر سکتا۔ ہم قطعی طور پر ایسے راستباز اور پاک نہیں ہو سکتے کہ اپنے اعمال سے خُدا کو خُوش کر سکیں کیونکہ ہم سب گناہگار ہیں (یسعیاہ 53باب 6آیت؛ 64باب 6-7آیات)۔ اب چونکہ یسوع نے صلیب پر نجات کا کام مکمل کر دیا ہے اِس لیے اُس میں اضافے کے لیے کچھ بھی اور کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ جس وقت یسوع صلیب پر لٹکا ہوا تھا تو اُس نے کہا کہ "تمام ہوا" (یوحنا 19باب 30آیت)جس کا مطلب ہے کہ نسلِ انسانی (ایمانداروں) کی نجات کا کام تمام ہوا۔

مسیحیت کے مطابق نجات دراصل پرانی گناہ آلود فطرت سے رہائی ہے اور یہ خُدا کے ساتھ بالکل درست تعلق رکھنے کے لیے ہمیں آزاد کرتی ہے۔ ہم جو پہلے کبھی گناہ کے غلام تھے اب ہم مسیح خُداوند کے غلام ہیں (رومیوں 6باب15-22آیات)۔ جتنی دیر تک ایماندار اِس زمین پر اپنے گناہ آلود بدنوں کے اندر رہتے ہیں اُتنی دیر تک اُن کو گناہ کے ساتھ خاص مزاحمتی جدوجہد کرنی پڑے گی۔ بہرحال جب مسیحی ایماندار خُدا کے کلام کا مطالعہ کرتے ہیں، اُس کی تعلیمات کا اطلاق اپنی زندگیوں پر کرتے ہیں اور جب اُن کی زندگیوں پر رُوح القدس کا اختیار ہوتا ہے – یعنی وہ زندگی کے ہر ایک معاملے میں رُوح القدس کے تابع ہوتے ہیں اور اُس کی رہنمائی حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو وہ گناہ کے خلاف اپنی اِس جدوجہد میں گناہ پر غالب آسکتے ہیں۔

پس ، جہاں پر بہت سارے مذہبی نظام لوگوں سے بہت سارے کام "کرنے اور نہ کرنے" کا تقاضا کرتے ہیں ، مسیحیت یہ سکھاتی ہے کہ مسیح نے ہمارے گناہوں کا کفارہ دینے کے لیے صلیب پر اپنی جان دی اور پھر مُردوں میں سے جی اُٹھا۔ ہمارے گناہوں کا قرض ادا کیا جا چکا ہے اور اب ہم خُدا کے ساتھ بالکل راست تعلق رکھ سکتے ہیں۔ ہم اپنی گناہ آلود فطرت پر غلبہ پا سکتے ہیں اور اپنے خُدا کے ساتھ اُس کی تابعداری اور رفاقت میں چل سکتے ہیں۔ یہی سچی بائبلی مسیحیت ہے۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

مسیحیت کیا ہے اور مسیحی کیا ایمان رکھتے ہیں؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries